حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں فعال مبلغ و بے باک عالم دین حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید جاوید حیدر زیدی زیدپوری نے قرآن مجید کی شان میں گستاخی کے خلاف شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید وہ عظیم کتاب ہے جس کو اللہ نے اپنے حبیب خاتمالانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ پر بطورِ معجزہ نازل کی، اب یہ غور و فکر کرنے کی بات ہے کہ جو اللہ کی نازل کردہ معجز نما کتاب کی آیات میں کمی یا زیادتی کی بات کرے وہ دینِ مبینِ اسلام کی نظر میں کیا ہو گا؟۔
اللہ نے حفاظتِ قرآن کے سلسلہ میں سورہ حجر کی آیت نمبر :- ٩ میں واضح طور پر اعلان کر دیا (إِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّكْرَ وَإِنَّا لَهُ لَحَافِظُونَ :- یقینًا ہم نے ہی اس ذکر کو اتارا ہے اور یقینًا ہم ہی اس کی حفاظت کرنے والے ہیں۔!!) کفار نے بہت بہانہ سازیاں کیں ۔ یہاں تک کہ پیغمبر اور قرآن کا مزاق اُڑایا۔
ایسا نہیں کہ یہ قرآن کسی یاور و مددگار کے بغیر ہے اور وہ اس کے آفتابِ وجود کو ختم کر دینگے یا اس کے نور کو پھونکوں سے بجھا دیں گے یہ تو وہ چراغ ہے جسے حق تعالیٰ نے روشن کیا ہے اور یہ وہ آفتاب ہے جس کے لئے غروب ہونا نہیں ہے۔
تاریخ کے اوراق گواہ ہے کہ ماضی میں اُن شر پسندوں کا انجام کیا ہوا جنہوں نے قرآن مجید کے خلاف لب کشائی کی، ایک بار پھر تاریخ اپنے آپ کو دہرا رہی ہے ایک شیعہ نما نے قرآن سے ٢٦ آیتوں کو یہ کہتے ہوئے قرآن سے خارج کرنے کی بات کہی کہ ان آیت سے ہی دہشت گرد پیدا ہو رہے ہیں۔
انکے اس بیان نے پوری امتِ مسلمہ کے جزبات کو مجروح کر دیا ہے. اس نے اسطرح کا بیان اس لئے دیا کہ پورے ملک کا ماحول خراب ہو لہذا یہ صرف مسلمانوں کا گنہگار نہیں بلکہ ہمارے ملک کا بھی گناہگار ہے۔