۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
علامہ ساجد نقوی 

حوزہ/ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ حضرت عباس علیہ السلام نے ہر محاذ پر صف اول میں مجاہدانہ کردار ادا کیا، اگر اسلامی افواج کے سپہ سالار حضرت عباس علیہ السلام کے کر دار، دلیری اور وفا شعاری کو اپنائیں تو ظلم و جبر اور دشمن قوتوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 4شعبان المعظم یوم ولادت حضرت عباس علیہ السلام کے موقع پر کہا کہ حضرت عباس ؑ ابن علی ؑ دنیا میں وفاشعاری اور جانثاری کا اعلی نمونہ تھے ۔ جس طرح امیر المومنین علی ابن ابی طالب نے پیغمبر گرامی کے ساتھ وفاشعاری کی داستانیں رقم کیں اسی طرح حضرت عباس ؑ نے نواسہ پیغمبر کے ساتھ وفا اور محبت کے تمام تقاضے پورے کئے۔ ان کی شخصیت جبر و آمریت اور ظلم و بربریت کے خلاف قیام کا استعارہ ہے اور حق پرستوں اور وفا شعاروں کے لئے رہنمائی کا ذریعہ اور روشنی کا مینار ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ حضرت عباس ؑ کی زندگی کا اہم پہلو یہ ہے کہ وہ اپنے والد گرامی امیر المومنین کے تربیت یافتہ تھے یہی وجہ ہے کہ انہیں مرد فقیہ اور عبد صالح جیسے القابات سے نوازا گیا۔ واقعہ کربلا میں لشکر حسینی ؑ کے سپہ سالار کی حیثیت سے جرات و بہادری اور دلیری و وفاشعاری کی لازوال داستان حضرت عباس ؑ نے رقم کی ۔حضرت عباس ؑ نے اپنے والد گرامی کی سرپرستی میں ہر محاذ پر صف اول میں مجاہدانہ کردار ادا کیا اور شجاعت و بہادری کے ساتھ ساتھ علم و حکمت کے بھی جوہر دکھائے جن سے استفادہ کرکے آج بھی اپنی انفرادی واجتماعی زندگیوں کو سنواراجاسکتا ہے۔

قائد ملت جعفریہ نے اس پر مسرت موقع پر عالم اسلام کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ اگر اسلامی افواج کے سپہ سالار حضرت عباس ؑکے کر دار، دلیری اور وفاشعاری کو اپنائیں تو ظلم و جبر اور دشمن قوتوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .