حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، متحدہ علماء فورم گلگت بلتستان کے اعلی سطحی وفد نے آیت اللہ باقر مقدسی کے ساتھ اہم ملاقات کی۔ وفد نے پہلی بار حوزہ علمیہ قم میں رسمی طور پر درس خارج شروع کرنے پر آغا صاحب کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے لئے خوش آئند اور باعث افتخار قرار دے دیا اور ان کی علمی کاوشوں کو سراہا۔
متحدہ علماء فورم جی بی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے آیت اللہ باقر مقدسی نے کہا کہ متحدہ علماء فورم کی صدارت ایک متدین اور تنظیمی تجربہ رکھنے والی شخصیت حجت الاسلام والمسلمین قبلہ محمد شبیر صابری کے پاس ہے۔ مجھے امید ہے کہ ان کی قیادت میں یہ کارواں گلگت بلتستان کے حقوق حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ مجھے انتہائی خوشی ہوئی کہ قبلہ شبیر صابری جیسے پڑھے لکھے عالم دین اس تنظیم کے صدر ہیں۔ مجھ سے جو بھی تعاون درکار ہوگا متحدہ علماء فورم کے پلیٹ فارم کیلئے کرنے کو تیار ہوں۔
آیت اللہ باقر مقدسی نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ میں اس زمانے کو کبھی نہیں بھول سکتا جب میں حوزہ علمیہ قم میں تازہ آیا تھا اس وقت شہید آغا سید ضیاءالدین رضوی ایک پڑھے لکھے اور صاحب نظر عالم موجود تھے۔ جو اپنے حلقہ احباب میں بتاتے تھے کہ ہمیں اپنے محروم علاقے کے حقوق کیلئے کوشش کرنی چاہئے۔ بعض نے کہا کہ ہم کہاں سے شروع کریں تو آغا صاحب نے کہا کہ ہم اسکولوں کے بچوں کی تربیت سے شروع کریں گے۔
شہید آغا ضیاءالدین جو فکر قم المقدس میں اپنے ساتھیوں کو دیا کرتے تھے گلگت بلتستان میں اسی نہضت کو آگے بڑھایا اور اسی راہ میں وہ شہید ہوگئے۔ مجھے امید ہے کہ متحدہ علماء فورم جی بی علاقے کے حقوق کے حصول میں کامیاب ہونگے۔