حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار مسنگ پرسنز کے زیر اہتمام آج ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا۔ اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ملت جعفریہ محب وطن ہے جس نے ہمیشہ حسینیت کی راہ میں اور وطن سے محبت کے جرم میں اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا ہے ہم نے اب تک ہزاروں شہیدوں کی لاشیں اٹھائی ہیں اور اپنے عظیم شہداء کو سبز ہلالی پرچم میں تدفین کیا ہے۔
گذشتہ ایک ہفتے سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ کے مزار کے سائے میں شیعہ مسنگ پرسنز کی فیملیز اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے احتجاج کر رہی ہیں۔ ریاستی ادارے اس بوڑھے ماں باپ کی فریاد کو سنیں جس کا جوان بیٹا اغوا کیا گیا۔ ان معصوم بچوں کی پکار کو سنیں جن کے باپ مسنگ ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاستی ادارے مسنگ پرسنز کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات کریں۔ ملت یہ توقع رکھتی ہے کہ ریاستی ادارے بارہ روز کی ڈیڈ لائن ختم ہونے سے پہلے مسنگ پرسنز کی بازیابی کے لئے قدم اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئینی ادارے پولیس اور عدلیہ کے ہوتے ہوئے مسنگ پرسن کا ایشو ریاستی اداروں کی بدنامی کا سبب بن رہا ہے ہے اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے علی الاعلان پولیس گرفتار کرے اس کے خلاف اس کے جرم کے مطابق مقدمہ درج کریں اور اسے عدالتوں میں پیش کیا جائے ہم کسی مجرم کی حمایت کے لیے نہیں نکلے بلکہ ان بے قصور لوگوں کی آواز بن کر نکلے ہیں کہ جن کی فریاد سننے والا کوئی نہیں ہے۔
اس موقع پر مظاہرے سے برادر منصب علی بروہی اللہ بخش اور نذیر حسین جعفری نے خطاب کیا۔