حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک مزاحمت اسلامی حماس کے ترجمان حازم قاسم نے بے گناہ سعودی عرب کی جیلوں میں موجود فلسطینی قیدیوں کی آزادی کا مطالبہ کیا ہے۔
حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا کہ ہم سعودی حکام سے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں قیدیوں کو آزاد کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان مشکل حالات میں کسی بھی الزام اور گناہ کے بغیر درجنوں فلسطینیوں کی مسلسل گرفتاری ایک غلطی ہے جو عربی اقدار کے ساتھ سازگار نہیں ہے۔
حماس کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ ان قیدیوں نے فلسطین کے مفادات اور سعودی قانون کے تحت سرگرمیاں سرانجام دیں ہیں۔
تحریک حماس کے دوسرے ترجمان فوزی برہوم نے اس بات کا اظہار کرتے ہوئے کہ تحریک حماس کے سابق نمائندہ محمد خضری اور ان کے بیٹے سمیت دیگر فلسطینی بھائیوں کو سعودی جیلوں میں قید و بند رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے ، مزید کہاکہ انہوں نے کوئی خلاف ورزی یا جرم نہیں کیا ہے۔
انہوں نے اشارہ کیا کہ قیدیوں کی رہائی، خاص طور پر ماہ مبارک رمضان میں، ایک مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے۔
یاد رہے کہ تحریک اسلامی حماس نے اسے قبل اعلان کیا تھا کہ تقریباً 60 فلسطینی بے گناہ سعودی عرب کی جیلوں میں موجود ہیں۔