حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع جہانی برائے تقریب مذاہب اسلامی کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام و المسلمین حمید شہریاری نے لبنانی مزاحمتی علماء کونسل کے سربراہ شیخ ماہر حمود سے ملاقات کی ہے اور عالم اسلام کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ، اس ملاقات میں،علمائے مزاحمت کونسل لبنان کے عالم اسلام کے علماء کرام کے ساتھ وحدت کیلئے باہمی رابطوں اور استکبار جہاں اور قابض صہیونیوں کی فلسطین میں جاری سازشوں پر گفتگو اور تبادلہ خیال ہوا۔
اس ملاقات میں ، حجت الاسلام و المسلمین شہریاری نے انقلاب اسلامی کے دوران واقع ہونے والے واقعات،امام خمینی(رح)کے کردار سمیت انقلاب کے آغاز سے لے کر اب تک کی جانے والی اپنی مختلف سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے شیخ ماہر حمود کی جانب سے عالم اسلام کیلئے سرانجام دی گئی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے علمائے اہل سنت کے فتنہ و فساد کے مقابلے میں استقامت کی قدردانی کی۔
یاد رہے کہ مجمع جہانی برائے تقریب مذاہب اسلامی کے سیکرٹری جنرل ان دنوں اسلامی ممالک کے دورے پر ہیں اور لبنان میں انہوں نے حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔