حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جمعیتِ العمل الاسلامی بحرین نے ایک امریکی اہلکار کے حالیہ بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کی طرف سے انقلابی قیدیوں پر تشدد انسانی حقوق کے دعویداروں کے منہ پر زوردار طمانچہ ہے۔
امریکی سابق انٹیلی جنس افسر"جو کیوریاکو"نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکی ادارہ برائے انٹیلی جنس نے بحرینی حکومت کے مخالف وکلاء، صحافیوں اور دیگر قیدیوں پر تشدد اور ناروا سلوک کرنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاستہائے متحدہ امریکہ کی حکومت چاہتی ہے کہ وہ دنیا بھر میں انسانی حقوق،شہریوں اور میڈیا کی آزادی کے دفاع کے علمبردار کے طور پر پہچانا جائے۔
امریکی سابق انٹیلی جنس افسر نے کہا کہ امریکی وزارت خارجہ عالمی سطح پر انسانی حقوق کی صورتحال پر مبنی سالانہ ایک تفصیلی رپورٹ پیش کرتی ہے۔میں اس بات سے مکمل طور پر باخبر ہوں،کیونکہ میں دو سال سے بحرین میں امریکی حکومت کی طرف سے فرائض سرانجام دے رہا تھا اور حقوق بشر سے متعلق کیسز میری نگرانی میں چلتے تھے۔میں نے بحرین میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹ پیش کی ہے،لیکن جس مشکل کا ہمیں روزانہ کی بنیاد پر سامنا ہے وہ یہ ہے کہ جب مجھ جیسا کوئی انسانی حقوق کے افسر کے پاس جاتا ہے اور کہتا ہے کہ جناب عالی!آپ کو صحافیوں کو گرفتار کر کے ان کو مار پیٹنے کا حق حاصل نہیں ہے،تو مرکزی انٹیلی جنس ایجنسی کا سربراہ آکر کہتا ہے کہ انسانی حقوق کے علمبرداروں کی باتوں پر توجہ نہ دیں،میں آپ سے کہتا ہوں کہ خفیہ جیلیں کھولے اور قیدیوں کو وہاں بلوا کر جتنا ہوسکے ان پر تشدد کریں لیکن کسی کو خبر نہ ہونے دیں۔
جمعیتِ العمل الاسلامی بحرین نے ایک دوسرے بیان میں اعلان کیا کہ سعودی اور اماراتی ظالم حکومتوں نے یمن میں انسانیت کے خلاف خونی جرائم جاری رکھے ہوئے ہیں،سعودی،اماراتی اور عرب اتحاد کی مزدور فورسز نے مغربی ساحل پر 10 یمنی فوجیوں اور عوامی تحریک کے قیدیوں کو گولی مار کر انہیں بے دردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ بالا خبر اور وہ تمام واقعات جو سعودی اور اماراتی کرائے کی فورسز کی طرف سے فوج اور عوامی تحریک کے مزاحمتی اور مقاومتی جوانوں کے ساتھ میدانِ جنگ میں ہو رہے ہیں،یمنی عوام کے خلاف ان کی کھلی اور جارحانہ دشمنی کا تسلسل،رہائشی مکانات پر فضائی حملوں اور مظلوموں کے قتل کو ظاہر کرتے ہیں۔
اقوام متحدہ کی رابطہ کمیٹی برائے انسانی امور کے مطابق؛ یمن میں انسانی بحران روز بروز شدت اختیار کر رہا ہے،بھوک،بیماریوں کے پھیلاؤ اور ہزاروں یمنی شہریوں کی موت کے ساتھ یہ بحران پہلے سے کہیں زیادہ شدت اختیار کر گیا ہے اور یمن کو اس وقت عالمی امداد کی اشد ضرورت ہے۔
جمعیتِ العمل الاسلامی بحرین،سعودی اور اماراتی ظالم حکمرانوں کے تمام قتل و غارت گری اور جرائم کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کرنے والی یمنی مزاحمتی تحریکوں،فوج اور مجاہدین کی مزاحمت اور استقامت کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور ملتِ بحرین کے خلاف کئے جانے والے خونی جرائم اور خاص طور پر قیدیوں کو وحشیانہ طریقے سے سزائے موت دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے یمنی عوامی مجاہدین،مزاحمتی جوانوں اور تحریک یمن کے حکیم اور نڈر قائد جناب سید عبد الملک الحوثی کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کا اعلان کرتی ہے۔