حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ تحریک بیداری امت مصطفی کے اجتماع سے خطاب میں علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ ایران کسی بھی قسم کے مذاکرات سے پہلے اپنے اوپر عائد تمام پابندیاں اٹھائے جانے کی شرط پر ڈٹا ہوا ہے جبکہ امریکہ پہلے سے بھی خطرناک و سخت تر معائدہ ایران پر ٹھونسنا چاہتا ہے۔ ایسے میں ایران پر دباؤ بڑھانے کے لئے اسرائیل نے اعلان جنگ کیا ہے جس میں عرب ممالک بھی درپردہ اور بعض بالکل کھل کر اسرائیل کے ساتھ ہم قسم ہو کر انکا ساتھ دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کسی اوباش و بدمعاش کی طرح ایک اسلامی مملکت کو دھمکیاں دے رہا ہے اور اسکے مقابلے میں بے غیرتی کی حد تک سکوت و خاموشی ہے۔ کوئی ملک رسمی طور پر بھی بیان نہیں دے رہا۔ بے وجدان و بے ضمیر حکمرانوں کو صرف اپنا اقتدار عزیز ہے۔ ذلیل ترین صہیونی اٹھ کر ایک اسلامی سرزمین کو دھمکا رہے ہیں۔ ایسے میں ان سے نفرت،مزمت و بیزاری کا اظہار کرنا سب مسلمانوں کے لئے لازمی ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ آج فلسطین پر خاموشی اختیار کی تو یہ حال ہوا اور اگر بالفرض یہ جرثومہ فساد اسرائیل، ایران پر حملہ کر دیتا ہے تو یہ ایران پہ رکے گا نہیں۔ ایران سے زیادہ اسرائیل کو پاکستان کی ایٹمی طاقت کھٹکتی ہے اور یہ امریکہ کے شیطانی نقشے میں موجود ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل کے ناپاک عزائم اور جارحیت کیخلاف تحریک بیداری امت مصطفیٰ (ص) نے 19 دسمبر بروز اتوار کو ملک گیر ’’مردہ باد اسرائیل ریلی‘‘ کا اعلان کر رکھا ہے۔ لاہور میں ریلی صبح 11 بجے مال روڈ پر مسجد شہداء سے پنجاب اسمبلی تک نکالی جائے گی جس کی قیادت علامہ سید جواد نقوی کریں گے۔ ریلی سے خطاب میں مقررین اسرائیل و ہر جارح اتحاد کی امت مسلمہ کے خلاف سازشوں، اس کے جارحانہ عزائم اور خطے میں بڑھتی ہوئی سازشوں کو بے نقاب کریں گے۔ تحریک بیداری امت مصطفی نے ظلم و ظالم سے نفرت اور اسکی نابودی کے مشترکہ ہدف پر بلا تفریق مذہب و مسلک بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔