حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ رابطہ المدارس الاسلاميہ پاكستان سے ملحقہ جامعہ حنیفیه کراچی کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلباء اور اساتذہ پر مشتمل وفد نے جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا اور جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے اساتذہ سے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ تعلیمی دورے کے دوران وفد نے مدیر جامعہ عروۃ الوثقیٰ علامہ سید جواد نقوی سے ملاقات بھی کی۔
اس موقع پر علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ دینی مدارس کے باہمی روابط دورِ حاضری کی ضرورت ہیں، اس سے ایک دوسرے کے خیالات اور نظام کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے سے عدم برداشت کا خاتمہ کرکے بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا، اس مقصد کیلئے دینی مدارس نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سٹیج اور منبر سے اگر قوم کو وحدت کا پیغام جائے گا تو یقیناً معاشرے میں مثبت تبدیلی آئے گی۔ علامہ جواد نقوی کا کہنا تھا کہ دینی مدارس روایتی نصاب سے نکل کر جدید علوم کو اپنے نصاب کا حصہ بنائیں، جدید علوم کیساتھ دینی تعلیم کی شمولیت طالبعلم کو ایک اچھا انسان بناتی ہے۔
اس موقع پر وفد کے ارکان نے جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے نظام کو مثالی قرار دیتے ہوئے علامہ سید جواد نقوی کی کوشش کو سراہا۔
آپ کا تبصرہ