حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حضرت زینب (س) کی المناک شہادت کی مناسبت پر روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے شام میں روضہ مبارک حضرت زینب سلام اللہ علیہا میں ہر سال مجالس عزا برپا کی جاتی ہیں اور سالانہ مجلس عزا کا یہ سلسلہ کئی روز تک جاری رہتا ہے۔ اس سال بھی یوم شہادت حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے موقع پر روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے مجالس عزاء برپا کی جا رہی ہیں جس میں زائرین اور عزاداروں کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔
شام میں موجود روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے وفد کے سربراہ اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن جواد الحسناوي نے بتایا کہ ہم روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے متولی شرعی جناب سید احمد الصافی کی ہدایت پر ام المصائب حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت کے احیاء کے لئے روضہ مبارک حضرت زینب عليها السلام میں متعدد خدماتی اور عزائی سرگرمیاں اور پروگرام منعقد کر رہے ہیں اور اس مقام مقدسہ میں تین روزہ مجالس عزاء کا انعقاد بھی انھی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا، "ان مجاس عزاء سے معروف خطیب شیخ بلال القیسی اور شيخ عبد الصاحب الطائي خطاب کرتے ہوئے حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی حیات مبارکہ، کربلا کے المناک سانحے میں آپ پر ڈھائے جانے والے مظالم اور مصائب، آپ کے صبر، ظلم و استبداد کے خلاف جرات بہادری اور عزم و استقلال کے ساتھ ڈٹ جانے اور اسلام کو حیات نو بخشنے میں آپ کے کلیدی کردار کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ جبکہ معروف نوحہ خوان حيدر العطّار نوحہ خوانی کا شرف حاصل کر رہے ہیں اور حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے مصائب اور مشکلات کو یاد کرتے ہوئے مجلس کے اختتام پر نوحہ خوانی کر رہے ہیں۔"
واضح رہے کہ حضرت زینب(ع) کا یوم شہادت منانے کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے خدام کی بڑی تعداد ان دنوں دمشق میں موجود ہے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے خدام حضرت زینب(ع) کے حرم میں جہاں دیگر خدمات سرانجام دے رہے ہیں وہاں انھوں نے یوم شہادت کے قریب آتے ہی ہر طرف سیاہ چادرے اور سیاہ علم نصب کر دیے تھے اور جگہ جگہ حضرت زینب(ع) کی شہادت کے حوالے سے تعزیتی بینر آویزاں کئے گئے۔