۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 28, 2024
تبلیغ

حوزہ/مجمع طلاب شگر کے شعبۂ تبلیغ کی جانب سے رواں سال ماہ مبارک رمضان میں تبلیغ پر تشریف لے جانے والے مبلغین کے ساتھ ایک مشاورتی اجلاس کا اہتمام ہوا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع طلاب شگر کے شعبۂ تبلیغ کی جانب سے رواں سال ماہ مبارک رمضان میں تبلیغ پر تشریف لے جانے والے مبلغین کے ساتھ ایک مشاورتی اجلاس کا اہتمام ہوا جس میں معروف عالم دین سید سعید موسوی، استاد فدا علی حلیمی سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق، اجلاس کا آغاز کلام پاک سے ہوا اور مجمع طلاب شگر کے جنرل سیکرٹری فدا حسین ساجدی نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے شرکاء کا خیر مقدم کیا۔

شعبۂ تبلیغ کے سربراہ برادر مولانا فدا حسین حیدری صاحب نے اجلاس کے اہداف و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے اس شعبے کی مختصر رپورٹ پیش کی۔

شرکائے اجلاس نے مفید اور مؤثر تبلیغ کے حوالے سے اپنی آراء اور تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں منظم انداز میں انفرادی اور اجتماعی تبلیغ کی ضرورت ہے اور مبلغین کی باہمی ہم آہنگی، ایک دوسرے کی تائید اور مشورے بہت ضروری ہیں۔

علماء نے ضروری اور اہم موضوعات کی مکمل تیاری اور زمان و مکان اور جدید تقاضوں کے مطابق کی جانے والی تبلیغ کو مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ
تبلیغ ایک ایسا الہی فریضہ ہے جس کے لئے اخلاص، جد و جہد اور قربانی کی ضرورت ہے۔

مقررین نے مزید کہا کہ مبلغ کو مخاطب شناس، لوگوں کے نفسیات سے آگاہی اور وقت کی ضرورتوں سے آگاہ ہونا چاہئے اور قدیم طریقوں سے تبلیغ اب زیادہ مؤثر نہیں ہے، لہذا جوان، خواتین اور معاشرے کے دیگر افراد کے لئے الگ الگ تبلیغی پروگراموں کو ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی استکبار سوچی سمجھی سازش کے تحت اسلامی ثقافت کی نابودی اور جوانوں کو راہ راست سے ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں، لہذا مبلغین کو ان موضوعات پر مکمل تیاری کر کے تبلیغی کارنامے سر انجام دینا چاہئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .