۱۳ آذر ۱۴۰۱ |۱۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۴ | Dec 4, 2022
شبیر حسن میثمی

حوزہ / شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری اور زہراء اکیڈمی کراچی کے سرپرست حضرت حجت الاسلام و المسلمین جناب علامہ شبیر حسن میثمی صاحب نے ٹیکسلا میں جامعۃ الرضا پنڈ گاکھڑہ کی طرف سے منعقدہ" علی نقطۂ وحدت سیمینار"" میں شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،زہراء اکیڈمی کراچی کے سرپرست حضرت حجت الاسلام و المسلمین شبیر حسن میثمی نے ٹیکسلا میں جامعۃ الرضا پنڈ گاکھڑہ کی طرف سے منعقدہ" علی نقطۂ وحدت سیمینار" میں شرکت کی۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری نے سیرت علی علیہ السلام اور وحدت امت کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا: قرآن کریم نے ہمیں امت واحدہ کہا ہے جو باعث افتخار ہے۔ ہمیں قرآن کی تعلیمات کو عملی طور پر اجاگر کرنے کیلئے ایمانی جذبے سے عبادت سمجھ کر تمام مسلمانوں کو فرقہ واریت اور افتراق و انتشار سے بچانے اور ان کو وحدت کی لڑی میں پرونے کے لئے مسلسل جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا: اس وقت عالمی سامراجی اور کفریہ قوتیں عالم اسلام کے خلاف مسلسل سازشوں میں مصروف ہیں۔ مسلمانوں کو ان خطرناک سازشوں کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننا پڑے گا اور مضبوطی سے ان سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا اور یہ آپس کی وحدت کے ذریعے ہی ممکن ہو گا۔

علامہ شبیر حسن میثمی صاحب نےکہا: اسلام دشمن اور وطن دشمن قوتیں خاص کر فرقہ ورانہ گروہ اور عناصر اصل میں پاکستان اور امت اسلامیہ کو کمزور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ان کو ناکام بنانے کیلئے مولا علی علیہ السلام کی تعلیمات اور سیرت طیبہ سے استفادہ کی شدید ضرورت ہے۔ ان کے دور حکومت میں یہی سازشیں عروج پر تھیں۔ نہج البلاغہ کا مطالعہ کریں تو وہ بار بار مسلمانوں کو اتحاد کی افادیت بتاتے تھے۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری نے حضرت امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہما السلام کی سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: جس قوم کے پاس حضرت محمد المصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور علی حیدر کرار جیسے عظیم رول ماڈل موجود ہوں ان کو تو پوری دنیا پر حکومت پر حکومت کرنی چاہیے مگر شاہد ہماری بد قسمتی ہے کہ ہم فکری اور عملی طور پر ان عظیم ہستیوں کی حقیقی پیروی نہ کر سکے۔ ورنہ آج مسلمان معاشرے سب سے زیادہ تعلیم یافتہ ترقی یافتہ ہوتے اور سیاسی و اقتصادی میدانوں میں اغیار کی غلامی کرنے کے بجائے عزت و سرفرازی اور استقلال و آزادی کے ساتھ دشمنوں پر غالب ہوتے اور انکے محتاج نہ ہوتے۔

قابلِ ذکر ہے کہ اس سیمنار سے علامہ عارف حسین واحدی صاحب، علامہ امیر حسین جعفری صاحب، اہل سنت علماء کرام علامہ پیر سعید نقشبندی صاحب، علامہ قاضی ادریس صاحب اور دیگران نے بھی خطاب کیا اور جناب علامہ سید جعفر نقوی صاحب نے ناظم ممبر کے فرائض سر انجام دیئے۔

قرآن کریم نے ہمیں امت واحدہ کہا ہے جو باعث افتخار ہے، علامہ شبیر حسن میثمی

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .
7 + 8 =