۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ کا پہلا سالانہ اجلاس

حوزہ/ علامہ سید جواد نقوی: ملکی، قومی اور دینی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی نصاب اور تعلیمی نظام مجمع المدارس کی طرف سے قوم کو ہدیہ دیا جائے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ کا پہلا سالانہ اجلاس جامعہ جعفریہ گجرانوالہ میں مجمع المدارس کے صدر علامہ سید جواد نقوی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔

اجلاس سے اپنے افتتاحی خطاب میں علامہ سید جواد نقوی نے پاکستان میں مدارس دینیہ کی زمہ داریوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مجمع المدارس پاکستان میں مدارس دینیہ کی ترقی اور تکامل کا زینہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح جامعہ عروۃ الوثقی تعلیم، تربیت، نظم اور وحدتِ امت کے لئے اپنا مثالی کردار ادا کر رہا ہے اسی طرح مدارس دینیہ کی اصلاح، تعلیمی انقلاب اور دینی تعلیم کو عصری تقاضوں کے مطابق بنانے میں ایک مثالی نمونہ ثابت ہوگا۔

انکا مزید کہنا تھا کہ ملکی ، قومی اور دینی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی نصاب اور تعلیمی نظام مجمع المدارس کی طرف سے قوم کو ہدیہ دیا جائے گا اور مدارس دینیہ کو سیاست، تجارت، فرقہ واریت اور انتہا پسندی سے پاک رکھنے کے لئے مجمع اپنی تمام تر توانائیاں ضرور صرف کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی ماہرین کے ساتھ مشاورت، دیگر تعلیمی اداروں اور متذکرہ تجربات کو بروئے کار لاتے ہوئے آئندہ نسل کی تعلیم و تربیت کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ مختلف مسالک کے تعلیمی مراکز اور شخصیات کے ساتھ علمی تبادلہ کو فروغ دیا جائے گا۔ تحقیقاتی بنیاد پر تعلیمی نظام استوار ہوگا جس کے تحت اساتذہ کی تربیت کے لئے تربیت معلم انسٹیٹیوٹ کا قیام عمل میں آ چکا ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت دینی مدارس میں لازمی قرار دی جائے گی۔ مذہبی یکجہتی اور مسالمت کو فروع دیا جائے گا اور انشاءاللہ مستقبل قریب میں پاکستانی قوم مجمع المدارس کے عملی نتائج مشاہدہ کرے گی۔

مجلس عاملہ کے اجلاس میں خواتین سمیت ملک بھر سےنمائندگان شریک تھے۔ اجلاس میں انتظامی ڈھانچے کی تشکیل نو، علاقائی ناظمین کا تعین اور نصاب کمیٹی کا انتخاب عمل میں لایا گیا جسے عاملہ کے تمام اراکین نے بااتفاق آراء منظور کر لیا۔ مجلس عاملہ میں آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں مثبت اور تعمیری آراء کے ساتھ اہم فیصلے کئے اور تین ماہ بعد اگلے اجلاس کا اعلان کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .