۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
مولانا علی حیدر فرشتہ

حوزہ/ سعودی عرب میں آل سعود کی ظالم حکومت نے گزشتہ روز ۸۱ افراد کو ایک ہی دن میں سر قلم کر کے موت کے گھاٹ اتار دئیے جن میں ۴۱ سے زیادہ بے قصور و بے گناہ شیعہ مومن بندے تھے مزید براں ان میں ایک ۱۳سال کا عبداللہ الزاہر نام کا خوبصور ت نونہال شیعہ بچہ بھی شامل ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع علماء خطباء حیدرآباد دکن (تلنگانہ) ہندوستان کے سرپرست حجۃ الاسلام مولانا علی حیدر فرشتہ نے سعودی حکومت کی بربریت کے خلاف اپنا بیانیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصے سے مسلسل شیعہ قوم پر ہورہے ناروا ظلم و تشدد کی خبریں پڑھ کے دل خون کے آنسو رورہا ہے۔دماغ پر غم و اندوہ کا بوجھ بڑھتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں افغانستان اور پاکستان میں نماز جمعہ کے دوران شیعہ مسجدوں اور امام بارگاہوں میں ہوئے بم دھماکوں میں جان بحق ہونے والے شہیدوں کے غم میں آنکھوں سے بہنے والے آنسو تھمنے بھی نہیں پائے تھے اور زخمی نمازیوں کے زخم ابھی پوری طرح مندمل بھی نہیں ہونے پائے تھے کہ سعودی عرب میں آل سعود کی ظالم حکومت نے گزشتہ روز ۸۱ افراد کو ایک ہی دن میں سر قلم کر کے موت کے گھاٹ اتار دئیے جن میں ۴۱ سے زیادہ بے قصور و بے گناہ شیعہ مومن بندے تھے مزید براں ان میں ایک ۱۳سال کا عبداللہ الزاہر نام کا خوبصور ت نونہال شیعہ بچہ بھی شامل ہے۔ اس طرح آل سعود کی ظالم حکومت نے ایک بار پھر ظلم و نا انصافی کی حد کردی ۔آل سعود حکومت کی تاریخ پر گہری نظر رکھنے والے دانشوروں کے مطابق سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار ایک دن میں ۸۱؍ ملزمین کے سر قلم کئے گئے۔

مولانا علی حیدر فرشتہ نے مزید کہا کہ ستم بالائے ستم یہ ہے کہ آل سعود کی حکومت جس کی بنیاد خود دہشت گردی اور قتل و غات گری اور ظلم و استبداد پر استوار ہے اور دہشت گردی کی پشت پناہ ہے وہ بے قصور و مظلوم شیعہ علماء و عوام پر دہشت گردی کا جھوٹا بے بنیاد الزام عائد کر کے بے قصور انسانوں کے خون ِ ناحق سے اپنے نجس ہاتھوں کو رنگین بنا رہی ہے۔ یہ تو ایسی ہی بات ہوئی کہ اپنی کرتوت پر شرمانے کی بجائے ٹوکنے والےکو آنکھیں دکھانا ۔

مجمع علماء خطباء حیدرآباد دکن کے سرپرست نے کہا کہ سعودی عرب میں جو ایک دن میں درجنوں بے گناہ مظلوم شیعہ مومنین نہایت بے دردی سے شہید کر دالے گئے اس کی ہم مجمع علماء و خطباء حیدرآباد کی جانب سے سخت مذمت کرتے ہیں۔اور بین الاقوامی حقوق انسانی کے اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ سعودی عرب سمیت پاکستان و افغانستان وغیرہ میں شیعوں کا قتل عام اور نسل کشی کا سلسلہ بند کرایا جائے۔

انہوں نے آخر میں ہم تمام شہدائے راہ ِ اہل بیت علیہم السلام کے بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور جملہ لواحقین و متعلقین اور علماء و مرا جع و مومنین کی خدمت میں بالخصوص حضرت امام مہدی عجل اللہ فرجہ الشریف کی بارگاہ میں تعزیت و تسلیت پیش کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .