۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ / قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: بانیٔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی جارح اسرائیل کو غیر قانونی اور غاصب ریاست قرار دیا تھا۔ قبلہ اول کی آزادی صرف عالم اسلام، کسی خاص خطے یا ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ انسانیت سے مربوط مسئلہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے قبلہ اول کی آزادی، مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منائے جانیوالے عالمی یوم القدس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا: بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی جارح اسرائیل کو غیر قانونی اور غاصب ریاست قرار دیا تھا اور مینار پاکستان پر 23مارچ 1940ء کوقرار داد پاکستان کے ساتھ دوسری قرار داد فلسطین کے حق میں منظو ر ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا: قبلہ اول کی آزادی صرف عالم اسلام، کسی خاص خطے یا ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ انسانیت سے مربوط مسئلہ ہے لیکن ذمہ داری کے لحاظ سے اس کا تعلق براہ راست امت مسلمہ سے بنتا ہے۔ اس لئے دنیا بھر کی مسلم اقوام کے لئے چیلنج کی حیثیت حاصل کرچکا ہے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: مسلم ممالک مشترکہ مسائل پر ایک موقف اختیار کریں تو اسلام کی عظمت و سربلندی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے۔

انہون نے مزید کہا: غزہ پر ہر کچھ عرصہ بعد جارحیت، شہری علاقوں پر متواتر بمباری، نہتے عوام پر گولیاں برسانا حتی کہ میزائلوں کا نشانہ بنانا، لوگوں کو ٹینکوں تلے کچلنا، خواتین کی عصمت دری، بچوں اور بوڑھوں کو وحشیانہ انداز میں ذبح کرنا، مسلمان بستیوں کو بموں اور ٹینکوں کے ساتھ مسمار کرنا، اسی طرح کے دیگر جرائم اسرائیل کے معمولات میں شامل ہیں جبکہ مشرق وسطیٰ میں خنجر کی طرح پیوست اس ناجائز ریاست کی خود سری اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ اب یہ بین الاقوامی چارٹرز اور اقوام متحدہ کا رسمی لحاظ بھی نہیں رکھتا بلکہ اپنے مظالم کو ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھاوا دینے کے ساتھ ہمسایہ ممالک پر بھی جارحیت سے گریز نہیں کررہاہے اور دوسری جانب کچھ مسلم ممالک اسے تسلیم کرنے اور اپنے مفادات کو مقدم رکھے ہوئے ہیں۔

قائد ملت جعفریہ نے کہا: کئی دہائیوں پر محیط انسانی حقوق کی پامالی کا یہ سلسلہ عالمی سطح پر نئے انداز اور نئی جہتوں سے ابھر کر سامنے آیا ہے اور بجا طور پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ عالمی دنیا کی اکثریت بہتر طور پر یہ سمجھنے لگی ہے کہ یہ جبر و تشدد، ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی پامالی اب زیادہ دیر جاری نہیں رہنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا: ہر سال دنیا بھر میں رمضان المبارک کے آخری جمعۃ المبارک کو "عالمی یوم القدس" کے عنوان سے مناکر اس اہم انسانی مسئلہ کو اجاگر کیا جاتا ہے اور انصاف پسند ممالک، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں، عالمی امن کے دعویدار اداروں اور اقوام متحدہ کی توجہ اس جانب مبذول کرانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .