حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حج و زیارت کے امور میں رہبر معظم کے نمائندے سید عبد الفتاح نواب نے قم المقدسہ میں آج خطبہ نماز جمعہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال حج کا نعرہ اصلاح، ہم آہنگی، اسلامی اقتدار اور مسجد اقصیٰ کا دفاع ہے، یہ انقلاب اسلامی کی برکتوں کا ہی نتیجہ ہے کہ اس سال ایرانی حجاج کا حج رنگِ ابراہیمی اختیار کر چکا ہے۔
انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ امام خمینی (رہ) کے نزدیک حج دشن سے برائت کے بغیر اور مسلمانوں کے اتحاد کے بغیر حج نہیں ہے، فرمایا: عازمین حج کے لیے مناسک حج کی ادائیگی ایک نئی زندگی کا آغاز ہے اور انہیں چاہیے اپنی زندگی، عبادت اور بندگی کی بنیاد پر دوبارہ از سر نو شروع کریں۔
حج و زیارت کے امور میں رہبر معظم کے نمائندے نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے حج ایجنسیوں کے ساتھ ملاقات میں حج سے ماخوذ طرز زندگی پر تاکید کرتے ہوئے کہا: حج پر مبنی زندگی کا مطلب ہے دوسروں کے ساتھ پرامن زندگی گزارنا، سادہ زندگی گزارنا اور حرام سے بچنا ہے۔
انہوں نے مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی میں حج کے کردار اور تاثیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا: حج کے تمام ارکان دنیا بھر کے مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی علامت ہیں، لیکن دشمن مسلمانوں کے درمیان تفرقہ اور نفرت پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
حجۃ الاسلام و المسلمین سید عبد الفتاح نواب نے کہا کہ دشمنوں اور بدخواہوں کی جانب سے مسلمانوں کو شکست دینے اور کمزور بنانے کے لیے تمام حربے استعمال کئے جا رہے ہیں، لیکن ایران اور مزاحمتی محاذ خدا کی ابدی طاقت پر تکیہ کرتے ہوئے اس قدر عزت و وقار کے حامل ہیں کہ دشمنوں کو ہمیشہ شکست و ذلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے مسجد اقصیٰ کے دفاع کو مسلمانوں کا فرض قرار دیتے ہوئے کہا: اس مقدس مقام کو ہماری دینی تعلیمات میں بڑا مقام حاصل ہے جو آج غاصب صیہونی حکومت کے قبضے میں ہے اور مسلمانوں کو اس کی حفاظت کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔