۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
کرگل جوادیہ

حوزہ/ مرحوم حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ احمد محمدی کی قیادت میں شروع کیا گیا جوادیہ پروجیکٹ کیئر معاشرے میں عصری تعلیم کے میدان میں تبدیلی لانے کے حوالے سے ایک انقلابی اقدام ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین و چیف ایگزیکٹو کونسلر لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل فیروز احمد خان, ایگزیکٹیو کونسلر سید مہدی فاضلی، ایس ایس پی کرگل عنایت علی چودھری اور صدر جمعیۃ العلماء اثنا عشریہ کرگل حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ناظر مہدی محمدی کے ہمراہ آج جوادیہ پروجیکٹ کیئر (جے پی سی) کرگل کے ہاسٹل کی عمارت کا افتتاح کیا۔

جمعیة العلماء اثنا عشریہ کرگل کے نائب صدر حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ غلام علی مفید، ڈائریکٹر اینیمل و شیپ ہسبنڈری ڈاکٹر رضا عباسی، ڈائریکٹر کرگل کیمپس یونیورسٹی آف لداخ کنیز فاطمہ، سپرنٹنڈنگ انجینئر (R&B) نثار احمد، جمعیة العلماء اثنا عشریہ کرگل کے ایگزیکٹو ممبران، نامور شخصیات اور جوادیہ پروجیکٹ کیئر کے طلباء نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سی ای سی خان نے سماجی بہبود اور تعلیم کے شعبوں میں جمعیة العلماء اثنا عشریہ کرگل کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اُس وقت کے صدر مرحوم مغفور حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ احمد محمدی (رح) کی متحرک قیادت میں شروع کیا گیا جوادیہ پروجیکٹ کیئر ہمارے معاشرے میں عصری تعلیم کے میدان میں تبدیلی لانے کے حوالے سے ایک انقلابی اقدام ہے۔

فیروز احمد خان نے مزید کہا کہ جوادیہ پروجیکٹ کیئر نے اپنے طلباء کو ملک کے اعلیٰ پیشہ ورانہ کالجوں بشمول NITs اور AIIMS میں داخلہ دلانے میں ہر ممکن مدد, تعاون اور محنت کی ہے اور اس کے نتائج آج ہمارے سامنے ہیں۔

فیروز خان نے کہا کہ لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے لئے تعلیم بھی ایک ترجیحی شعبہ ہے اور ہل کونسل کرگل طلبہ کمیونٹی کو بہتر انفراسٹرکچر فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا ہے۔ انہوں نے جوادیہ پروجیکٹ کیئر کے لئے کونسل کی بھرپور حمایت کا عہد کیا۔

جودایہ پروجیکٹ کیئر ہوسٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی کرگل عنایت علی چودھری نے کہا کہ جوادیہ پروجیکٹ کیئر حقیقی اور مستحق طلباء کو زندگی میں اپنے مقاصد حاصل کرنے کے قابل بنا کر ایک قابل ستائش کام کر رہی ہے اور اس طرح وہ معاشرے کے معاشی طور پر کمزور طبقے سے اثاثے بنانے کے ان کے وژن پر پورا اترتے ہیں۔

انہوں نے یہ جان کر اپنی خوشی اور مسرت کا اظہار کیا کہ جوادیہ کا ایک طالب علم اس وقت این آئی ٹی تریچی میں پڑھ رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلعی پولیس آنے والے وقت میں اپنے سویک ایکشن پروگرام کے تحت جوادیہ پروجیکٹ کیئر کو ضروری تعاون فراہم کرے گی۔

صدر جمعیة العلماء اثنا عشریہ کرگل حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ناظر مہدی محمدی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے جوادیہ پروجیکٹ کیئر کے آغاز، ویژن اور مشن کے حوالے سے تفصیل سے جانکاری دی۔ انہوں نے اس وقت اور ماضی میں بھی جوادیہ پروجیکٹ کیئر سے وابستہ تمام افراد اور عطیہ دہندگان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ زیادہ سے زیادہ لوگ ادارے کے عطیہ دہندگان کے طور پر اس اقدام میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے چیف ایگزیکٹو کونسلر کرگل کی حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر مہمانوں کے ذریعہ جوادیہ پروجیکٹ کیئر کی ماہانہ نیوز لیٹر ’’ورلڈ ویو‘‘ کا اجراء بھی کیا گیا۔اس سے قبل مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے انچارج پروجیکٹ ڈائریکٹر انور حسین ملک نے میمورنڈم پیش کیا اور ہاسٹل کو مزید بڑھانے کے لئے تعاون کی درخواست کی۔

انہوں نے تمام معزز عطیہ دہندگان کا شکریہ ادا کیا اور معذرت کی کہ کرگل ٹاؤن سے دوری کے ساتھ ساتھ جگہ کی کمی کی وجہ سے تمام عطیہ دہندگان کو افتتاحی تقریب میں مدعو نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے اپنی بے لوث مدد جاری رکھنے کے لئے سب سے تعاون کی خواہش کی تاکہ جوادیہ پروجیکٹ کیئر معاشرے کی خدمت جاری رکھ سکے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ سال 2013 میں جوادیہ پروجیکٹ کیئر کو تعلیمی لحاظ سے ہونہار طلباء کے لئے ایک مکمل رہائشی سہولت کے طور پر شروع کیا گیا تھا جو کہ معاشرے کے معاشی طور پر کمزور طبقات سے تعلق رکھتے ہیں۔

اس وقت جوادیہ پروجیکٹ کیئر ہاسٹل منجی میں دسویں جماعت میں پڑھنے والے بیس طلباء اس پروجیکٹ سے استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .