حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسینؑ، سید الساجدین علی ابن الحسینؑ، علمدار کربلا حضرت اباالفضل العباس ؑ اور شریکۃ الحسین ؑ سیدہ زینب الکبریٰ ؑ کے ایام ولادت کی مناسبت سے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں پر وقار جشن میلاد کا انعقاد کیا گیا۔
اس تقریب سعید میں جامعہ باب العلم کے طلباء و طالبات، معلمین و معلمات، تنظیمی اراکین اور مقامی لوگوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، تلاوت کلام پاک قاری قمر علی صوفی جبکہ مزمل حسین نے بارگاہ رسالت ؐ میں ہدیہ نعت نذر کیا، نظامت کے فرائض توفیق حسین ملک نے انجام دئیے، جن علماء دین نے تقریب سے خطاب کیا۔
حجت الاسلام سید محمد حسین گریند، حجت الاسلام سید محمد حسین صفوی ،خورشید احمد قانونگو ، پیرزادہ غلام نبی نمائندہ میرواعظ کشمیر وغیرہ شامل ہیں شاعر اہلبیت ؑسید زیشان جیپوری اورشوکت حسین انصاری نے بارگاہ حسینی میں گلہاے عقیدت نچھاور کئے ۔
انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اس موقع کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے ماہ شعبان المعظم کی فضیلت بیان کی، انہوں نے کہا کہ ماہ شعبان گلستان زہرا ؑ کے بہار جان فزا کا مہینہ ہے اس مبارک مہینے میں وہ برگزیدہ ہستیاں متولد ہوئیں جنہوں نے اپنے عشق و ایمان اور صبر و استقامت سے تاریخ کا دھارا موڑ دیا اور دین اسلام کو ایک نئی روح اور جہت عطا کی ان برگزیدہ ہستیوں نے ظلم و باطل کے خلاف تاریخ بشریت کی سب سے صبر آزما، دشوار اور قیامت خیز مزاحمت کا مظاہرہ کرکے پرچم حق و صداقت کو قیامت تک سر بلند رکھا ہے۔
آغا صاحب نے کہا کہ حضرت امام حسین ؑ سفینہ نجات اور چراغ ہدایت ہیں، امام حسین ؑ رہتی دنیا تک ظلم و باطل کے خلاف استقامت کی علامت کے طور پر یاد کئے جاتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امام حسین ؑسے ہماری بے پناہ محبت و عقیدت اور وابستگی غیر متزلزل ہے اور اس عقیدت کی شان دین و شریعت کی پابندی اور مولا حسین ؑ کی سیرت کی پیروی میں پوشیدہ ہےاس موقع پر کمسن حافظہ قرآن معصومہ گوہر کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی اور قاری قرآن اعجاز حسین صوفی کو ایران میں انٹرنیشنل مسابقہ قرات میں حصہ لینے پر مبارکباد پیش کی گئی۔
آپ کا تبصرہ