۱۲ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۲ شوال ۱۴۴۵ | May 1, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ/ قائد ملت جعفریہ پاکستان: تصور مہدی ؑ ظہور،قیام کا تعلق اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کےساتھ ہے، تمام مسلمانوں کو مل کر ظلم وجور کے خاتمے اور امام مہدی ؑ کے ظہور اور قیام کے لئے میدان ہموار کرنے کی کوششیں کرنی چاہئیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے شب برات کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ شب برات کو اطاعت خداوندی کی تجدید اور خواہشات نفسانی کی نفی کرکے نفس امارہ کو شکست دینے کے عہد اور نئے عزم وحوصلے کے ساتھ زندگی گزارنے کے تجدید عہد کے طور پر منانا چاہیے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے یوم ولادت امام مہدی ؑ کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہاکہ اسلامی مآخذ میں تصور مہدی ؑ ایک مسلمہ امر ہے اور مہدی موعود کی ولادت کے بارے میں بہت سی مستند روایات موجود ہیں اسلامی مآخذ میں تصور مہدی ؑ کو بہت واضح انداز میں ابھارا گیا ہے اور ان کے ظہور اور قیام کے سلسلے میں بہت زور دیا گیا ہے، اس کا تعلق اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کے ساتھ ہے تاکہ اس نظام کے قیام کی جدوجہد، ظلم وجور اور ناانصافی کو مٹانے کی کوششیں جاری رہنی چاہئیںاور دنیا کو عدل وانصاف سے بھرنے کا عہد پورا ہوسکے۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ امہ کو جزوی اور سطحی اختلافات کو اہمیت نہیں دینی چاہیے بلکہ مشترکہ طور پر ہر وقت عدل اجتماعی کے لیے کوشاں رہنا چاہیے کیونکہ اسلام کے اس نوعیت کے حامل تصور مہدی ؑ سے دوسرے تمام ادیان پر اسلام کی برتری واضح ہوجاتی ہے، اس انداز کاتصور کسی دوسرے دین میں نہیں پایا جاتالہٰذا تمام مسلمانوں کو مل کر ظلم وجور کے خاتمے اور امام مہدی ؑ کے ظہور اور قیام کے لئے میدان ہموار کرنے کی کوششیں کرنی چاہئیںتاکہ اسلام کے غالب دین کے طور پر سامنے آنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .