۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 28, 2024
مولانا سید شوذب کاظم جرولی

حوزہ/ جنت البقیع کے انہدام کے 100 سال ہونے والے ہیں لہذا مولانا سید شوذب کاظم جرولی نے تعمیر جدید کے لئے خط لکھا اور علماء، ذاکرین، شعراء اور مومنین سے دستخط کرائے جو عنقریب دہلی اقوام متحدہ کے دفتر اور وزیر اعظم دفتر بھیجیں گے۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ہندوستان کے عظیم ذاکر خطیب الایمان مولانا سید مظفر حسین طاہر جرولی مرحوم کے فرزند خطیب اہلبیت مولانا سید شوذب کاظم جرولی چیئر مین تنظیم جعفری لکھنو نے جنت البقیع کی تعمیر نو کے لئے اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری اور وزیر اعظم ہندوستان کو خط لکھا۔

واضح رہے کہ تنظیم جعفری کے زیر اہتمام گذشتہ 43 برسوں سے ہر سال 18 شعبان المعظم کو شبیہ روضہ کاظمین لکھنو میں جشن قائم منعقد ہوتا ہے، جسمیں ہندوستان کے نامور شعراء اپنا کلام پیش کرتے ہیں اور مومنین کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔ جنت البقیع کے انہدام کے 100 سال ہونے والے ہیں لہذا مولانا سید شوذب کاظم جرولی نے تعمیر جدید کے لئے خط لکھا اور علماء، ذاکرین، شعراء اور مومنین سے دستخط کرائے جو عنقریب دہلی اقوام متحدہ کے دفتر اور وزیر اعظم دفتر بھیجیں گے۔

خط کا متن مندرجہ ذیل ہے؛

محترم عزت مآب جنرل سکریٹری اقوام متحدہ

و

محترم عزت مآب وزیر اعظم ہندوستان جناب نریندر مودی جی

با عرض ادب و احترم

یقینا ً آپ کے علم میں ہو گا کہ آل سعود حکومت نے ۸ ؍ شوال سن ۱۳۴۴ ہجری کو مدینہ منورہ کے عظیم مقدس مقام جنت البقیع کوویران کر دیا، جس میں روایت کے مطابق رسول اللہ حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی اکلوتی یادگار بیٹی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی قبر ہے، نیز امام حسن ؑ، امام زین العابدینؑ، امام محمد باقرؑ ، امام جعفر صادق ؑ کی قبروں کے علاوہ حضورؐ کے فرزند جناب ابراہیم ؑ، چچا جناب عباس، پھوپھیوں ، اصحاب کبار، مولا علی علیہ السلام کی والدہ جناب فاطمہؑ بنت اسد اور زوجہ مادر حضرت عباسؑ جناب ام البنین ؑ اور عالم اسلام کی عظیم شخصیتوں کے مزارات ہیں۔

آل سعود نے نہ صرف جنت البقیع بلکہ شہداء احد کےمزارات بھی منہدم کئے، مکہ مکرمہ میں جنت المعلیٰ کہ جسمیں حضرت محمد مصطفیٰ ؐ کے آباء و اجداد کے مزارات ہیں انہیں بھی منہدم کیا نیز ابواء میں آپؐ کی والدہ حضرت آمنہؑ کی قبر بھی منہدم کر دی۔

جناب حواسلام اللہ علیہا جو بلا تفریق رنگ و نسل، بلا تفریق ملک و ملت تمام انسانوں کی ماں ہیں ، جدّہ میں انکے مزار کو بھی آل سعود نے ویران کر دیا ۔

سو برس سے یہ مزارات منہدم ہیں ، ہر سال ہم احتجاج کرتے ہیں اور تعمیر جدید کا مطالبہ کرتے ہیں لیکن افسوس آج بھی یہ مزارات ویران ہیں ۔

لہذا ہماری آپ سے مودبانہ گذارش ہے کہ اس مسئلہ میں دخالت فرمائیں اور تعمیر جدید کے لئے ضروری اقدام فرمائیں تا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں بلکہ انسانوں کے دلوں کو سکون ملے۔

مجھے امید ہے کہ آپ ہماری اس درخواست پر ضرور توجہ فرماتے ہوئے تعمیر جدید کے لئے اقدام فرمائیں گے۔

والسلام

مولانا سید شوذب کاظم جرولی

چیئرمین تنظیم جعفری

جنت البقیع کی تعمیر نو کے لئے مولانا سید شوذب کاظم جرولی نے اقوام متحدہ اور حکومت ہند کو خط لکھا

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .