۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
مولانا سید سرتاج حیدر زیدی

حوزہ/ نائب امام جمعہ مولانا سید سرتاج حیدر زیدی نے روزہ داروں کو تقویٰ الہی اور عبادت خدا کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ روزہ فقط بھوکے پیاسے رہنے کا نام نہیں ہے بلکہ خواہشات نفس پر قابوپانابھی روزہ دار کے لئے ضروری ہے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنؤ/ ماہ رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کو آصفی مسجد لکھنؤ میں بڑی تعداد میں روزہ داروں نے نماز جمعہ میں شرکت کی ۔نائب امام جمعہ مولانا سید سرتاج حیدر زیدی نے امامت کے فرائض انجام دیے ۔

انہوں نے روزہ داروں کو تقویٰ الہی اور عبادت خدا کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ روزہ فقط بھوکے پیاسے رہنے کا نام نہیں ہے بلکہ خواہشات نفس پر قابوپانابھی روزہ دار کے لئے ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ انسان کے لئے حواس خمسہ کا بھی روزہ ہوتاہے ۔یعنی وہ حواس خمسہ کے ذریعہ بھی گناہوں سے پرہیز کرے اور اپنے اعضاء وجوارح سے کوئی ایساعمل انجام نہ دے جو خداکی مرضی کے خلاف ہو۔انہوں نے کہاکہ روزہ حرام عمل سے پرہیز کا نام ہے ۔جس طرح انسان کھانے پینے سے پورے دن پرہیز کرتاہے اسی طرح حرام عمل کی انجام دہی سے بھی پرہیز کرے ۔

مولانانے کہاکہ روزہ داروں کی فضلیت کے لئے یہی کافی ہے کہ قرآن مجید میں اللہ نے ’’صاحبان ایمان‘‘ کہہ کر ہمیں روزہ کا حکم دیاہے ۔مولانانے کہاکہ ماہ رمضان صبر کا مہینہ ہے اور صبر کرنے کا صلہ جنت ہے ۔مولانانے مزید کہاکہ ماہ رمضان اخوت اور مساوات کا بھی درس دیتاہے۔مولانانے کہاکہ شریعت نے سحروافطارکا حکم دیاہے اس لئے ضروری ہے کہ ہم ضرورت مندوں تک بھی افطار اور غذا پہونچائیں ۔ایسانہ ہوکہ ہم اپنے شکم کا خیال تو رکھیں لیکن ضرورت مند بھوکے سوجائیں ۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .