حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، لبنان میں حزب اللہ کے سکریٹری جنرل حجت الاسلام و المسلمین سید حسن نصر اللہ نے عید استقامت و آزادی کے نام سے موسوم صیہونی ٹولے کے چنگل سے جنوبی لبنان کی آزادی کی سالگرہ کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: لبنان کے ہر فرد کو یہ سمجھنا چاہیئے کہ یہ آزادی مفت حاصل نہیں ہوئی بلکہ یہ برسوں کے ایثار و فداکاری اور مجاہدانہ اقدامات کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے صیہونی حکومت کے اندر پیدا ہوئے خلفشار، اندرونی شگاف اور اسکے بالمقابل مزاحمتی محاذ کے اتحاد و اتفاق کا ذکر کرتے ہوئے کہا: اس وقت یہ حکومت اس قابل نہیں کہ فلسطینی فریق کے ساتھ مذاکرات میں اپنے من چاہے شرائط اُن پر مسلط کر سکے۔ ابھی صیہونی دشمن سے ہماری جنگ ختم نہیں ہوئی ہے کیوں کہ اب بھی ہماری سرزمین کا ایک حصہ اُس کے قبضے میں ہے۔
حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل نے صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو کو خطاب کرتے ہوئے کہا: آج تم اس پوزیشن میں نہیں کہ ہمیں ایک بڑی جنگ کی دھمکی دو بلکہ ہم تمہیں آج ایک بڑی جنگی کی دھمکی دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: صیہونی حکومت کو سرنگوں ہونا ہے اور اسکی یہ سرنگونی بہر صورت وقوع پذیر ہو کر رہے گی۔