حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، محرم الحرام میں مہاراشٹرا کے پانچویں سب سے بڑے شہر اورنگ آباد کا دورہ کرتے ہوئے حوزہ نیوز ایجنسی اردو کے چیف ایڈیٹر مولانا سید محمود حسن رضوی نے اس شہر کے صحافیوں سے ملاقات کی اور حوزہ نیوز ایجنسی کی خدمات کے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی اور صحافیوں کی خدمت میں اس نیوز ایجنسی سے جڑے رہنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے لوح سپاس پیش کیا۔
اس ملاقات میں شہر اورنگ آباد کے ای ٹی وی اردواور ایشیا اکسپریس کے علاوہ بہت سے اردو، ہندی اور مراٹھی اخبارات کے صحافی موجود تھے، یہ ملاقات بیت الیتیم قلعہ ارک شاہی مسجد میں انجام پائی جہاں متعدد صحافیوں نے حوزہ نیوز کے حوالے سے اپنی رائے پیش کیا۔
مولانا سید محمود حسن رضوی نے اردو میڈیا کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ حوزہ نیوز ایجنسی صرف حقائق پر مبنی خبروں کو اپنے قارئین تک پہنچاتا ہے، ہندوستان سمیت پوری دنیا کے نامہ نگار اس حوزہ نیوز ایجنسی سے منسلک ہیں جو کہ مختلف طریقوں سے خبروں کو ہم تک بھیج رہے ہیں۔
انہوں نے صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہا: ہم چاہتے ہیں کہ اورنگ آباد کے صحافی حضرات بھی اس نیوز ایجنسی سے جڑیں اور حقائق پر مبنی معلومات لوگوں کو فراہم کریں، عوام اور خاص کر مذہبی طبقہ اس ایجنسی سے جڑے تا کہ دنیا کی خبروں کے ساتھ ساتھ اسلامیات اور دینی حوالے سے بھی خود کو قوی کر سکیں۔
حوزہ نیوز ایجنسی اردو کے چیف ایڈیٹرنے صحافیوں کے اس سوال کہ کیا حوزہ نیوز اپنے مواد فراہم کرنے کے عوض کوئی اجرت لیتی ہے یا نہیں؟ اس کا جواب دیتے ہوئے کہا:ہم بغیر اجرت کے خبروں کو فراہم کرتے ہیں، کوئی بھی اخبار ہماری خبروں کو بغیر کسی سورس کا ذکر کئے بغیر اپنے اخبار میں شائع کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات کا یہ سلسلہ ہندوستان کے مختلف شہروں میں جاری و ساری رہے گا اور تیزی کے ساتھ لوگ اس نیوز ایجنسی سے جڑتے رہیں گے۔