۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ سید ساجد علی نقوی

حوزہ / علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: آئین پاکستان نے اقلیتی برادری سمیت تمام شہریوں کو مکمل تحفظ اور حقوق فراہم کئے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے یوم اقلیت کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا: آئین پاکستان نے ملک میں بسنے والے تمام طبقات کے تحفظ کی ضمانت دی ہے، پاکستان میں غیر مسلم آبادی کو تمام یکساں حقوق حاصل ہیں، بحیثیت پاکستانی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ بابائے قوم کے نظریے کے مطابق غیر مسلم آبادی کو کسی بھی مرحلے پر عدم تحفظ یا امتیازی سلوک کا احساس نہ ہونے دیا جائے اور ان کے حقوق کا ہر حال میں تحفظ یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے بابائے قوم کے 11 اگست کی تاریخ ساز تقریر کے الفاظ "پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہو گی اور انہیں یکساں حقوق میسر ہوں گے" کو دہراتے ہوئے کہا: آج اس مرحلے پر سوچنے کی ضرورت ہے کہ کیا غیر مسلم پاکستانیوں سمیت ملک کی بڑی آبادی کو یکساں حقوق فراہم کئے جا رہے ہیں؟۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: جب منتخب مقننہ ہی عوامی حقوق کے تحفظ کی بجائے مخصوص ایجنڈوں پر چلائی جائے تو احساس تحفظ کیسے دیا جا سکے گا؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو داخلی طور پر مضبوط، مستحکم اور خوشحال بنانے کیلئے لازم ہے کہ حکمران طبقے اچھے اور بروں کی تمیز کو یقینی بنائیں تاکہ معاشرے سے بگاڑ، انتشار اور انارکی کا خاتمہ ہوسکے اور ملکی سلامتی اور قومی وحدت کا خواب شرمندہِ تعبیر ہو سکے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .