۱۴ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۴ شوال ۱۴۴۵ | May 3, 2024
News ID: 394457
12 نومبر 2023 - 22:06
فلسطین

حوزہ / غیبت کے زمانے میں ظلم کےخاتمے اور عدل کے نفاذ کی کوششوں نے دین اسلام کو اس دور میں جو بلندی اور افتخار بخشا ہے شاید پہلے کبھی نہ تھا۔

تحریر: بنت فلسطین

حوزہ نیوز ایجنسی | جب کوئی انسان سو رہا ہو، تو اسے جگانے کے لئے پانی کی چند چھینٹیں کافی ہوتی ہیں لیکن جب قومیں سو جائیں اور حق کاساتھ نہ دیں تو انھیں جگانے کے لئے خون کی چھینٹوں کی ضرورت ہوتی ہے۔

مظلومین فلسطین جو ستر سال سے زیادہ، ظلم کی چکی میں پس رہے تھے اور دنیا سکون کی نیند سو رہی تھی ۔آج ان کی شہادتوں نے قوموں کو جگانے کے لئے اپنے خون کی چھینٹیں دی ہیں۔

دین اسلام کی تاریخ شہداء کے خون سے رنگین ہے۔حق و باطل کا معرکہ ازل سے چلا آرہا ہے۔ سن 61 ہجری کے واقعہ کر بلا نے حق و باطل کے درمیان جیت کا وہ معیار رقم کیا جس نے حق کے حصول کے لئے شہادت کی شیرنی کا مزہ امت میں بیدار کردیا ۔حق و باطل کا یہ معرکہ مسلمان تو مسلمان ، ہندو، سکھ، عیسائی غرض دنیا میں سب کے لئے مثال بن گیا۔

انسان کے اندر موت کے ڈر اور اموات کے زیادہ ہونے کے خوف کو واقعہ کربلا نے ختم کردیا۔ جیت اس کی ہے جو ثابت قدم رہا ۔ چاہے گھر بار ،مال و اسباب حتی اولاد سب حق کی راہ میں قربان ہو جائے۔

فلسطین کے چار ہزار سے زائد مظلوم بچوں کا خون، معصوم علی اصغر کے خون پہ قربان لیکن ان معصوم بچوں کی ارواح نے یزید وقت کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور فلسطین کی مظلومیت کا شور آج شیطان بزرگ کے ایوانوں میں بھی گونج رہا ہے ۔

یزید وقت کی کھسیاپٹ اور بوکھلاہٹ دنیا کے سامنے آشکار ہو گئی ہے اور ان کو ان کے ایوانوں میں خاموش ہونے پہ مجبور کر رہی ہے۔

انشاء اللہ ان مظلوم فلسطین اور بالخصوص ان معصوم بچوں کی ارواح دنیا میں حق کو سربلند کریں گی ۔دنیا کے سچے اور سپریم لیڈر نے تو پہلے ہی کہہ دیا ہے کہ جیت فلسطین کا مقدر ہے۔

غیبت کے زمانے میں ظلم کےخاتمے اور عدل کے نفاذ کی کوششوں نے دین اسلام کو اس دور میں جو بلندی اور افتخار بخشا ہے پہلے شاید کبھی نہ تھا۔

خدا ہمیں مظلومین فلسطین کی حمایت میں امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے اعوان و انصار میں شمار ہونے کی توفیق کے ساتھ ظہور کی راہ ہموار کرنے والوں کی ہمراہی نصیب فرمائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .