حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آزادئ فلسطین مارچ کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری سید ناصر عباس شیرازی نے دیگر مرکزی، صوبائی و ضلعی رہنماؤں کے ہمراہ سکھ چین پارک ایمبیسی روڈ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی سفاکیت کے نتیجے میں بارہ ہزار معصوم فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت معصوم بچوں اور خواتین کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں جنگی جرائم کی انتہاء کر دی ہے، اسکولز، پناہ گزین کیمپس، ہسپتالز، چرچز، مساجد اور رہائشی مکانات اس بربریت کا نشانہ بنے ہیں، امریکہ اس سارے قتل عام میں بلا واسطہ شامل ہے۔
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری جنرل ناصر شیرازی نے انسانی حقوق کے علمبرداروں کی دوغلا پالیسیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے معاملے میں ہیومن رائٹس کے تمام ادارے بے نقاب ہو چکے ہیں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اداروں نے اس قتل عام کی اب تک مذمت نہیں کی، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات اور ترکی نے منافقانہ کردار ادا کیا ہے ، مسلم حکمرانوں نے اس وحشیانہ ظلم میں کردار ادا کیا ہے، اگر یہ ممالک اسرائیل کی توانائی کی فراہمی کو ہی روک دیتے تو اسرائیل کے لیے بڑا جھٹکا ہوتا۔
انہوں نے او آئی سی کے فلسطینی معاملے پر کردار پر سوال اٹھایا اور کہا کہ او آئی سی گونگے اور بہروں والے کردار کے بجائے واضح طور پر فلسطینی عوام پر ہونے والی غاصب اسرائیل و امریکہ کی درندگی روکے، پاکستان کے تمام طبقات نے فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا عملی مظاہرہ کیا ہے، کسی مذہب و مسلک سے بالاتر ہو کر سب نے غاصب اسرائیلی مظالم کی مذمت کی ہے۔
ناصر شیرازی نے کل بروز اتوار نکالی جانے والی آزادی فلسطین ریلی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تمام بڑی مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنما آزادی فلسطین مارچ میں شریک ہوں گے اور فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور غاصب اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کریں گے، یہ ریلی آبپارہ چوک سے امریکی سفارت خانے تک نکالی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام پورے عالم اسلام اور بالخصوص پاکستانی عوام سے یہ امید لگا رہے ہیں کہ ہمارے حق میں کم از کم صدائے احتجاج تو بلند کرو، فلسطینیوں نے غاصب اسرائیل کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے مرکاوہ ٹینک کی تباہی سے ہی اسرائیل کا گھمنڈ ٹوٹ چکا ہے۔ مسلم حکمرانوں کو چاہیئے کہ وہ اپنی عوام کی سوچ کے مطابق غاصب اسرائیل سے اپنے تعلقات کو منقطع کریں، پاکستانی حکمرانوں کی جانب سے دو ریاستی فارمولے کی بات کی مذمت کرتے ہیں اور یہ پاکستان کے فلسطین پر اصولی مؤقف کے خلاف تھا، لہٰذا ہمارے نگران حکمرانوں کو چاہیئے کہ وہ اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے بیانات دیں۔
پریس کانفرنس میں صوبائی مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم صدیقی، آغا اصغر عسکری، صدر ایم ڈبلیو ایم پنجاب علامہ سید علی اکبر کاظمی، صوبائی اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان میثم کاظم، رکن جی بی کونسل آغا احمد علی نوری، مولانا زاہد علی کاظمی، مجلسِ علمائے مکتب اہلبیت کے ڈاکٹر عیسیٰ امینی، ضلعی صدور ضلع راولپنڈی و اسلام آباد موجود تھے۔