حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ناجائز صہیونی حکومت کے خلاف برسرپیکار فلسطین کی اسلامی تنظیم حماس کے ایک رکن نے کہا ہے کہ عارضی جنگ بندی کی مدت میں توسیع کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق حماس کے سینئر رکن باسم نعیم نے کہا کہ حماس کو توقع ہے کہ آج صبح سے نافذ ہونے والی انسانی بنیادوں پر جنگ بندی میں توسیع کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حماس کا مقصد انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کو یقینی بنانا ہے اور اس جنگ بندی میں توسیع کی جائے گی لیکن اس کا انحصار باقی قیدیوں کی آزادی پر ہے۔
واضح رہے کہ حماس اور صیہونی حکومت کے درمیان آج مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے سے چار روز کے لیے عارضی جنگ بندی نافذ ہو گئی ہے، گذشتہ 48 دنوں کے دوران ناجائز صہیونی حکومت نے فلسطین کے مظلوم عوام کے خلاف کسی بھی وحشیانہ حملے یا کارروائی سے دریغ نہیں کیا اور اس دوران اس نے متعدد بار ممنوعہ فاسفورس بم کا استعمال بھی کیا لیکن وہ اپنا کوئی مقصد حاصل نہ کرسکا اور عارضی جنگ بندی قبول کرنے پر مجبور ہوگیا۔