۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 28, 2024
آغا علی رضوی

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے صدر نے کہا کہ چلاس میں ہونے والے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ یہ واقعہ گلگت بلتستان کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی کوشش ہے۔ بار بار کی توجہ کے باوجود سکیورٹی سے غفلت قابل مذمت عمل ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سکردو/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے صدر آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہڈور چلاس میں ہونے والے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ یہ واقعہ گلگت بلتستان کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی کوشش ہے۔ بار بار کی توجہ کے باوجود سکیورٹی سے غفلت قابل مذمت عمل ہے۔

آغا علی رضوی نے کہا کہ حالیہ واقعہ پے درپے ہونے والے ماضی کے واقعات کے ذمہ داروں کو سزا نہ دینے کا نتیجہ ہے۔ گلگت بلتستان میں شرپسندوں اور دہشتگردوں کو تو چھوٹ ہے لیکن حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والوں کے گرد دائرہ تنگ کیا جاتا ہے۔ اس وقت پورا گلگت بلتستان حقوق کے لیے سڑکوں پہ ہے اور ایسے میں دہشتگردی عوام کے اتحاد کو سبوتاژ کرنے کی دشمنوں کی کوشش ہے۔

اس افسوسناک واقعے میں شہید والے والے بے گناہ مسافرین کے لواحقین کو تسلیت عرض کرتے ہیں اور سکیورٹی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دھشتگردوں کے خلاف فوری کارروائی کرکے عوام کو دکھائیں۔ گلگت بلتستان مزید کسی سانحے کا متحمل نہیں ہوسکتا لہذا گلگت بلتستان میں موجود دہشتگردوں کا قلع قمع کیا جائے۔ ایک طرف یہاں کے عوام کو حقوق نہیں مل رہے اور دوسری طرف سکیورٹی نہیں مل رہی ہے۔ ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

آغا علی رضوی نے مزید کہا کہ گھٹنوں کے بل چلنے والی حکومت کی انگلی اور سیاست چھوڑ کر سکیورٹی ادارے عوام کی جان کی حفاظت اور خطے کی حفاظت کی فکر کریں۔ گلگت بلتستان کے تمام عوام دہشتگردوں کے خلاف متحد ہیں اور ان بزدلانہ کاروائیوں سے قوم کے حوصلے کبھی کمزور نہیں ہوں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .