۲۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲ ذیقعدهٔ ۱۴۴۵ | May 10, 2024
News ID: 394949
4 دسمبر 2023 - 17:00
 نیکیاں چھپ کر کرو

حوزہ|میں اس کے چہرے پر شرمندگی کے آثار نہیں دیکھنا چاہتا تھا، کیا تم نے رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا قول نہیں سنا، کہ آپ نے فرمایا: جو نیک کام چھپا کر انجام دیتا ہے اس کا اجر و ثواب ستّر حج کے برابر ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی|

نیکیاں چھپ کر کرو

یسع بن حمزہ کہتے ہیں: ہم امام رضا علیہ السلام کے حضور بیٹھے ہوئے گفتگو کر رہے تھے، مجلس میں کافی تعداد میں لوگ موجود تھے، لوگ آپ سے حلال اور حرام کے بارے میں سوال کر رہے تھے
اسی اثناء ایک لمبا اور گندمی شخص مجلس میں داخل ہوا، اس نے امام کو سلام عرض کرنے کے بعد کہا: اے فرزند رسول میں، آپ اور آپ کے اجداد کا چاہنے والا ہوں، میں حج انجام دے کر آ رہا ہوں، میرا پیسہ کھو گیا ہے، اب میرے پاس اپنے وطن جانے کے لئے پیسہ نہیں ہے، اگر ممکن ہو تو میری مدد کیجئے تاکہ میں اپنے وطن پہنچ سکوں، خدا نے مجھے اپنی نعمتوں سے نوازا ہے، جب میں اپنے وطن پہنچوں گا تو جو آپ کا دیا ہوا پیسہ آپ کی طرف سے صدقہ دے دوں گا۔


امام علی رضا علیہ السلام نے اس سے فرمایا: بیٹھ جاؤ، خدا تم پر رحم کرے، یہ کہکر حضرت اٹھ کر ایک کمرے میں گئے اور تھوڑی دیر بعد دروازے کے اوپر سے ہاتھ باہر نکالا اور فرمایا: خراسان کا رہنے والا شخص کہاں ہے؟ اس نے کہا میں یہاں ہوں۔
امام علیہ السلام نے فرمایا: ان دیناروں کو لو اور اپنے سفر میں خرچ کرو، اور یہاں سے جاؤ تاکہ نہ میں تمہیں دیکھ سکوں، اور نہ تم مجھے دیکھ سکو، خراسانی مسافر نے دینار لئے اور چلا گیا۔
سلیمان نے امام سے عرض کی: آپ نے اسے عطا کیا اور اس پر مہربانی فرمائی، لیکن آپ اسے پیسے دیتے وقت خود اس کے سامنے کیوں نہیں لائے؟!
امام نے فرمایا: میں اس کے چہرے پر شرمندگی کے آثار نہیں دیکھنا چاہتا تھا، کیا تم نے رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا قول نہیں سنا، کہ آپ نے فرمایا: جو نیک کام چھپا کر انجام دیتا ہے اس کا اجر و ثواب ستّر حج کے برابر ہے۔
•┈┈•┈┈•⊰✿✿⊱•┈┈•┈┈•
سفینة البحار، ج 1 ،ص 418

تبصرہ ارسال

You are replying to: .