حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ روحانیت بلتستان پاکستان کے سربراہ حجۃ الاسلام سید احمد رضوی نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ سرمایہ ملت، مفسر قرآن، استاد العلماء علامہ شیخ محسن علی نجفیؒ کا انتقال پوری قوم کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔
انہوں نے کہا کہ سادہ زندگی، عبادت اور بندگی سے بھرپور شب و روز، زندگی کے ایام سے بہترین استفادہ کیا، تالیفی، تعلیمی، تفسیری اور علمی آثار سمیت مدارس، اسکولز، کالجز، اداروں کی تاسیس، طلبہ اور جوانوں کی معنوی اخلاقی اور علمی تربیت اور ہر شعبے میں آپ کے زندہ اور مؤثر آثار آپ کی نورانی زندگی کے عکاس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس قومی سانحہ پر مراجع عظام، حوزہ ہائے علمیہ، ان کے فرزندان شیخ محمد اسحاق نجفی، شیخ انور علی نجفی، روح اللہ نجفی و دیگر بازمندگان سمیت تمام مؤمنین کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ قبلہ شیخ صاحب کو غریق رحمت فرمائے اور بازمندگان کو صبر جمیل و اجر جزیل عنایت فرمائے۔ آمین