۱۳ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۲۳ شوال ۱۴۴۵ | May 2, 2024
شیخ محسن علی نجفی

حوزہ/ امام جمعہ سکردو علامہ شیخ حسن جعفری نے محسن ملت علامہ شیخ محسن علی نجفی کے سانحۂ ارتحال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دلی تعزیت پیش کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ سکردو علامہ شیخ حسن جعفری نے محسن ملت علامہ شیخ محسن علی نجفی کے سانحۂ ارتحال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دلی تعزیت پیش کی ہے۔

امام جمعہ سکردو کے تعزیتی بیان کچھ یوں ہے:

بِسم الله الرحمٰن الرحيم

(كُلُّ مَنْ عَلَيْهَا فَانٍ وَيَبْقَى وَجْهُ رَبِّكَ ذُو الْجَلالِ وَالإِكْرَام)

آہ! میرے عزیز رفیق حضرت علامہ شیخ محسن نجفی (قدّس سرہ)

آج اس سنگین خبر کو سننے کے بعد ہر ایک کا چہرہ اداس ہے اور صبر و شکر انجام دیتے ہوئے لبوں پر “انا للہ انا الیہ راجعون” کا ورد جاری ہے اس لئے کہ محسنِ ملت حجت الاسلام والمسلمین علامہ شیخ محسن علی النجفی (قدس سرہ) داعیِ اجل کو لبیک کہتے ہوئے رفیقِ اعلی کی جانب چل بسے اور اس طرح نہ صرف بلتستان بلکہ پورے ملک اور تمام حوزات علمیہ میں غم کی فضا قائم ہوچکی ہے۔ انکا ارتحال واقعاً میرے لئے بہت بڑا صدمہ اور سخت دلخراش سانحہ ہے۔

ایک طویل المدت رفاقت اور گہری دوستی، بھائیوں کی مانند چاہت اور بے حد الفت و انس ہمارے درمیان برقرار تھی اور اپنے پورے وجود کے ساتھ مرحوم و مغفور سے میرا قلبی تعلق تھا۔

مگر اللہ تبارک تعالیٰ نے زندگی دی ہے تو موت یقینی ہے، باقی رہنے والی ذات صرف وحدہ لاشریک کی ہے، لیکن فطرتِ انسانی کا تقاضا ہے کہ انسان جب کوئی چیز کھوتا ہے تو اسے غم ہوتا ہے اور انسان جب اپنا قیمتی سرمایہ کھوتا ہے تو اس کی تکلیف اور بڑھ جاتی ہے۔

ان کی زندگی اظہر من الشمس کسی تعریف کی محتاج نہیں ہے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی خدمت مذہبِ اہل البیت علیہم السلام میں گزاری ہو اور سینکڑوں فلاحی اور تعلیمی پروجیکٹس کے بانی ہوں یقیناً رحمتِ واسعہ خداوندی کے سایے میں مقام و منزلت حاصل ہوگی۔ ان کی زندگی قدیم صالح اور جدید نافع کا خوبصورت امتزاج تھی جو عجز و انکساری کا پیکر اور زہد و تقوی کا مجسّم ہے۔

ان کے جانگداز ارتحال پر میں سب سے پہلے منجی عالمِ بشریت امام زمان عج کی خدمت میں اور مراجع عظام اور علماء کرام مخصوصا انکے فرزندان حجت الاسلام شیخ انور علی نجفی، حجت الاسلام شیخ اسحاق نجفی، اور برادران نصر اللہ، روح اللہ اور مصطفی نیز انکی صاحبزادیاں اور تمام عزیز و اقارب اور طلاب کرام کی خدمت میں از تہہ دل تعزیت و تسلیت عرض کرتا ہوں اور حقیقتاً آپ سب کے غم میں شریک ہوں۔

تغمّده الله بواسِع رحمتِه وأسكنْه فَسيحَ جنّاته، إنه سميع مجيب.

شریکِ غم؛ محمد حسن جعفری

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .