حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، آیت اللہ سید ہاشم حسینی بوشہری کے تعزیتی پیغام کا متن حسبِ ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
انا لله وانا الیه راجعون
پاکستان کے شیعہ مفسرین اور علماء میں سے ایک جلیل القدر عالم دین آیت اللہ محسن علی نجفی کی رحلت انتہائی رنج و غم کا باعث بنی۔
آپ نے جامعہ اہل بیت، الکوثر یونیورسٹی اور اسوہ تعلیمی نظام جیسے تعلیمی مراکز قائم کرکے پاکستان کے شیعوں کے لیے بے مثال علمی و دینی خدمات انجام دیں اور تصنیف و ترجمہ کے میدان میں بھی عربی اور اردو زبانوں میں گرانقدر آثار چھوڑے۔
فقہ، اصول، تفسیرِ قرآن، فلسفہ، کلام اور اخلاقیات کی تدریس کے علاوہ، اس مفکر فقیہ نے پاکستان میں مجمع اہل بیت علیہم السلام کی سپریم کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے اس ملک کے لوگوں کی فقہی اور علمی ضروریات کو پورا کیا۔
میں آیت اللہ خوئی اور آیت اللہ شہید محمد باقر صدر کے مکتب فقہی کے تربیت یافتہ اس عالم دین کی رحلت پر مرحوم کے ارادتمندوں اور ان سے وابستہ تمام افراد اور پاکستان کے اہل تشیع کو تعزیت پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے اس عالم بزرگوار کے لیے رحمت اور مغفرت کی دعا کرتا ہوں۔