حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیکب آباد بلوچستان پاکستان کے زیر اہتمام حضرت سیدہ زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت اور انقلاب اسلامی کی 45 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی، ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم جیکب آباد نذیر حسین جعفری، مجلس علمائے مکتب اہل بیت کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی اور مدرسہ خاتم النبیین کے مولانا ارشاد علی سولنگی و دیگر نے خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا تاریخ انسانی کا وہ منفرد کردار ہے جنہوں نے دین خدا کی سربلندی کے لئے بہت بڑے مصائب و آلام کو برداشت کیا۔ اسی لئے آپ کو ام المصائب اور جبل صبر کہا جاتا ہے۔ آپ عزم و ہمت جرئت و استقامت اور صبر و رضا کی معراج پر فائز تھیں۔ عالم انسانیت اور خدا کا دین قیامت تک سیدہ زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کے احسان کو نہیں بھلا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی وہ شجرہ طیبہ ہے، جس کے پاکیزہ ثمر سے آج پوری دنیا میں حق و صداقت کی خوشبو آرہی ہے۔ رہبر کبیر بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی نے مظلومیت غربت و تنہائی کے عالم میں انقلاب اسلامی کی تحریک کا آغاز کیا جیل اور جلاوطنی کی صعوبتیں برداشت کیں مگر ان کے آہنی ارادے کے آگے ہر رکاوٹ اور دیوار ریت کا ڈھیر ثابت ہوئی۔ انقلاب اسلامی اقوام عالم کو حریت و آزادی اور راہ حق و راہ کربلا کا راستہ دکھا رہا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سیف علی بلوچ نے کہا کہ انقلاب اسلامی کا راستہ روکنے کے دنیا بھر کی شیطانی طاقتیں متحد ہوگئیں مگر انقلاب ہر مرحلہ امتحان میں سرخرو اور سرفراز رہا۔ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے بہترین انداز سے انقلاب اسلامی اور امت مسلمہ کی رہبری کی ہے۔
اس موقع پر مدرسے کے طلباء نے یکم شعبان المعظم کی مناسبت سے بارگاہِ سیدہ زینب کبریٰ علیہا السلام میں منقبت بھی پیش کی۔