حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، پاکستان کے شہر ملتان میں حامیان مظلومین غزہ و فلسطین کی جانب سے فلسطینی مسلمانوں پر جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور مظلومین کی حمایت میں رضا ہال ملتان میں "حمایت مظلومین غزہ و فلسطین سمینار" کا اہتمام کیا گیا۔
سمینار کی صدارت بزرگ عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ قاضی شبیر حسین علوی، حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید علی حسین مدنی، علامہ ڈاکٹر سید کاظم نقوی، علامہ سید اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، سلیم عباس صدیقی، علامہ وسیم عباس معصومی، انجنیئر سخاوت علی سیال، شاعر اہلیبیت زوار حسین بسمل، ڈاکٹر قاضی فیاض حسین علوی سمیت دیگر نے کی۔
سمینارکے خطباء کرام نے کہا: آج ہمیں غزہ کے مظلوم فلسطینی پکار رہے ہیں، اسلامی ممالک اور اُن کے سربراہان کی مجرمانہ خاموشی قابل افسوس ہے۔
انہوں نے کہا: اس وقت غزہ کے مسلمانوں کو اخلاقی و معاشی اور معاشرتی تعاون کی ضرورت ہے، دوسری طرف بدقسمتی سے عالم اسلام تفرقہ کا شکار ہے جبکہ دشمن باہم متحد ہے ایسی صورتحال میں مسلم امہ کو باہمی اتحاد و وحدت اور یک زبان ہو کر مسلمانان عالم خصوصا غزہ کے مظلوموں کی حمایت میں اٹھ کھڑا ہونا چاہئے۔