۲۱ آذر ۱۴۰۳ |۹ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 11, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ / قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: اسلام کو اغیار سے بچانے کیلئے اصحاب بدر والا جذبہ پیدا کریں تو کوئی طاقت اسلام کا بال بیکا نہیں کر سکتی، محافظ رسالت حضرت علی علیہ السلام نے جس دلیری کے ساتھ سینہ سپر ہوکر کفار اور دشمنوں کو واصل جہنم کیا یہ جذبہ ہر مجاہد اور حریت پسند کیلئے نمونہ عمل ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 17 رمضان المبارک، فتح جنگ بدر کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ غزوہ بدر توکل بر خدا اوررسالت (ص) کے احکام اور پالیسیوں پر صدق دل سے عمل کرنے کا واضح مظاہرہ ہے جس سے سبق ملتا ہے کہ جس طرح اصحاب بدر نے بہت کم تعداد میں ہونے اور وسائل کی واضح کمی ہونے کے باوجود حکم رسول (ص) کی اطاعت کی اور اپنے آپ کو قربانی کیلئے پیش کرنے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی اور یقین قلب کے ساتھ شہادت قبول کرتے رہے۔

انہوں نے کہا: اسی طرح اگر اس دور کے مسلمان بھی سچے جذبے اور کامل ایمان کے ساتھ اسلام کے دفاع اور اسلام کو اغیار اور دشمن قوتوں کی سازشوں اور حملوں سے بچانے کے لیے اصحاب بدر والا جذبہ پیدا کریں تو کوئی طاقت اسلام کا بال بیکا نہیں کر سکتی۔

علامہ سید ساجدنقوی نے مزید کہا: محافظ رسالت حضرت علی علیہ السلام نے جس دلیری کے ساتھ سینہ سپر ہوکر کفار اور دشمنوں کو واصل جہنم کیا یہ جذبہ ہر مجاہد اور حریت پسند کے لیے نمونہ عمل ہے۔

انہوں نے اتحاد بین المسلمین کی افادیت و ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: تمام مسلمانوں کو ایک دوسرے کی مشکلات میں ساتھ دینا چاہیے۔ اگر کسی مسلمان کو دوسرے مسلمان کے مسائل کے حل میں دلچسپی نہ ہو تو اسے اپنے مسلمان ہونے پر غور کرنا چاہئے کیونکہ اللہ کے رسول (ص) نے فرمایا ہے کہ تم ایک امت ہو اور امت کی بقا ہر شے پر مقدم ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .