حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں مسئلہ فلسطین پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: جذبۂ ایمان سے سرشار فلسطینی عوام اور مجاہدین نے غاصب صہیونی ریاست کو ناکوں چنے چبوا دئے ہیں۔
انہوں نے کہا: فلسطین کے غیور فرزندوں نے رسول اکرم (ص) اہلبیت (ع) اور اصحابِ کرام کی سیرت کو زندہ کیا ہے۔ اگر تقوی اور ایمان کی قوت موجود ہو تو پھر کوئی جدید سے جدید ٹیکنالوجی بھی مقابلہ نہیں کر سکتی۔
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا: یہودی میڈیا نے اسرائیل کا ایسا تاثر اور ہوا بنایا ہوا تھا کہ اگر کوئی اس کے خلاف ذرا برابر بھی اقدام کرے گا تو یہ اسے مٹا دے گا لیکن چشم فلک نے دیکھا کہ شجاع فلسطینیوں نے جانبازی اور جرأٔت کی تاریخ رقم کرکے اسرائیل کے ناقابل شکست ہونے کے گھمنڈ کو خاک میں ملا دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: اسرائیل کے جسد عنکبوت پر بدر وخندق اور خیبر کے پیروان نے ایسا آہنی وار کیا ہے کہ وہ اس کی تاب نہیں لا سکا، فلسطینی عوام نے اسرائیل کے خلاف پوری قوت کے ساتھ بڑا حملہ کر کے اس کے تمام چھوٹے چھوٹے حملوں کا جواب ایک ساتھ دیے دیا ہے۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا: اسرائیلی سفاکیت کے ساتھ کھڑے تمام ممالک اور اقوام میں انسانیت نہیں ہے، اسپتال، مساجد، چرچ اور پناہ گزین کیمپوں پر حملے اس کا واضح ثبوت ہیں، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں آج اس ظلم وبربریت پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، اقوام متحدہ اور او آئی سی غزہ پر اسرائیلی درندگی کو رکوانے میں مکمل ناکام ہیں، یہ ادارے ایک خاص ایجنڈے اور سوچ کے تحت چلتے ہیں اور اس سے ہٹ کر یہ کسی ظالم و جابر کے خلاف آواز بلند نہیں کرتے جبکہ پوری دنیا کی انسانیت دوست اقوام نے لاکھوں کی تعداد میں اپنے ملکوں میں احتجاج کر کے فلسطینی کے معصوم بچوں اور خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔
انہوں نے کہا: آج غزہ کے مظلومین پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں لیکن سمجھ سے بالاتر ہے کہ پاکستان کی جانب سے کیوں جاندار مؤقف سامنے نہیں آ رہا؟۔ ہمیں چاہیے کہ مسالک و مذاہب سے بالاتر ہو کر بحیثیت مسلمان وحدت کے ساتھ دشمن کے ظلم و جرائم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں تاکہ یہ خونخوار ریاست خس وخاشاک کی طرح بہہ جائے۔ یہ ہم سب کا فریضہ ہے کہ اپنے فلسطینی بھائیوں کے اس مشکل وقت میں معاون و مددگار بن جائیں۔
قابل ذکر ہے کہ کانفرنس سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد، جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات ایس یو سی زاہد علی آخونزادہ و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔