۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
ایم ڈبلیو ایم

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے تحت ”حمایت مظلومین کانفرنس“ سے شیعہ سنی علمائے کرام نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ آج غزہ نے دنیا تشیع اور اہلسنت کو متحد کر دیا ہے، کہا کہ عوام اور فوج میں فاصلے اور نفرتیں پیدا کرنا امریکی ایجنڈا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے تحت ”حمایت مظلومین کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ غزہ کے مجاہدین پورے جہان اسلام کا دفاع کر رہے ہیں، اگر اسرائیل کا خاتمہ نا ہوا تو جہاں اسلام کے ممالک خطرے میں رہیں گے، فلسطین کی سر زمین دفاعی لحاظ سے یورپ اور امریکہ کی ضرورت ہے، پاکستان بھی امریکہ کی اہم ضرورت ہے، پاکستان میں ہونے والے تحولات کے پیچھے امریکہ ہے، عوام اور فوج میں فاصلے اور نفرتیں پیدا کرنا امریکی ایجنڈا ہے، عوام کی حمایت کے برخلاف حکومتیں لانا امریکی ایجنڈا ہے، پاکستان میں امریکی جیو پالیٹکس ایجنڈے پر عمل درآمد جاری ہے، عوام کو قرضوں مہنگائی کے ظلم میں جکڑنا اور عوام کو ریاست سے مایوس کرنا امریکی ایجنڈہ ہے، پاکستان کے قرضے عوام نے نہیں خائن حکمرانوں نے لیئے، فوڈ سیکورٹی کا مسئلہ ملک کے لئے نہایت اہم ہے، لیکن یہاں کسانوں کا استحصال کیا جا رہا ہے، معاشی بحران سیاسی بحران ،عوام میں مایوسی امریکہ اور ہندوستان کو سوٹ کرتا ہے، امریکی کا ٹائٹینک اسرائیل کے سمیت غرق ہو رہا ہے، کولمبیا یورپ امریکہ کی یورنیورسٹیوں میں بیداری کی لہر چل پڑی ہے، آج یورپ کے مظاہرین اسرائیل کے خاتمے کے نعرے لگا رہے ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں عوامی اشتعال بلاوجہ نہیں ہے، پاکستان سے محبت کرنے والوں کو پاکستان سے مایوس کیا جا رہا ہے، ریاست کشمیر اپنی رٹ کھو چکی ہے، کشمیر کی عوام کے مطالبات جائز ہیں،گلگت بلتستان اور کشمیر کی عوام کو دبانے کا سلسلہ بند کیا جائے،ہر وہ کام جو پاکستان کو کمزور کرے وہ خطے کا توازن بھی بگاڑے گا۔

سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ کشمیر کی عوام سے بات کریں دشمن کو گھسنے کا موقع نا دیں، یہ محب پاکستانی ہیں انہیں مایوس نا کریں، چمن کے باڈر پر بھی لوگ کئی ہفتوں سے احتجاج پر ہیں، عمران خان پاکستان کی سلامتی کا استعارہ ہے، عمران خان کو سازش کے تحت قتل کرنے کی کوشش چھبیس کروڑ عوام کا قتل ہو گا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کہا کہ غزہ کا مسئلہ کسی خاص ملک کا نہیں بلکہ انسانیت کا مسئلہ ہے، خلیجی ممالک میں جاری پروجیکٹس کا دس فیصد بھی اسرائیل کے خلاف لگا دیں تو اسرائیل کا وجود دنیا سے ختم ہو جائے گا، حکومت پاکستان کا فلسطین پر جاری مظالم پر منافقانہ کردار قابل مذمت ہے، پاکستان میں غزہ کی حمایت میں عوامی اجتماعات اور جذبات کو حکومت کچلنے میں لگی ہے، جس حکومت کی عوام میں جڑیں نا ہوں انہیں عوامی جذبات اور احساسات کی کو پرواہ نہیں ہوتی، اس ریاست کا موقف فلسطین پر کیوں نرم پڑ گیا جس کے پاسپورٹ پر لکھا ہے کہ یہ اسرائیل کے لئے کار آمد نہیں، کمپرومائزڈ حکمرانوں سے جن کی فائلیں بنی ہوئی ہیں ان سے خیر کی توقع نہیں، آئیں ٹیبل پر بیٹھتے ہیں دیکھتے ہیں کون کس کو قائل کرتا ہے کہ کس کو معافی مانگنی ہے،اگر ریاست پاکستان اسرائیل کے خلاف جہاد کا اعلان کرئے تو ہم سب سے آگے ہوں گے۔

صاحبزادہ ابوالخیر زبیر سربراہ ملی یکجہتی کونسل نے کہا کہ پاکستان کو کمزور سے کمزور تر کیا جا رہا ہے، آئی ایم ایف سے قرضے لینے پر خوشیاں منائی جاتی ہیں، ایرانی صدر پاکستان آئے ہم نے کوئی فائدہ نہیں لے سکے،کم از کم توانائی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے ایران سے مدد لی جا سکتی تھی، چین، افغانستان، ہندوستان سب ہی بے خوف ایران سے معاہدے کر رہے ہیں، پاکستان میں منظم انداز میں حکومتی سرپرستی میں فحاشی و عریانی پھیلائی جا رہی ہے۔

علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ غزہ مظلوم ہے، لیکن جھکے نہیں ہیں، ورلڈ آڈر قائم کرنے والوں کو کمزور لوگوں نے سرنگوں کر دیا ہے، امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کے لئے دنیائے اسلام میں تفرقہ بازی ایجاد کیا گیا، لیکن آج غزہ نے دنیا تشیع اور اہلسنت کو متحد کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افسوس ناک صورتحال ہے کہ ہمارے زیر انتظام کشمیر کی صورتحال نہایت کشیدہ ہے اور جو کچھ اس وقت کشمیر میں جاری ہے اس کی مذمت کرتے ہیں، عوام کے مطالبات سنے جائیں اور فوری طور پر مسائل حل کئے جائیں۔

مفتی گلزار احمد نعیمی سربراہ جماعت اہل حرم نے کہا کہ امت مسلمہ کے حکمرانوں کا غزہ کے حوالے سے رویہ افسوس ناک ہے، ہماری مشکل یہ ہے کہ مسلمان بکھرے ہوئے ہیں، مسلم امہ کے حکمران حق قیادت کھو چکے ہیں،غزہ کے معاملے پر عالمی قوتوں کی منافقت پر ہماری آنکھیں کھل جانی چاہیں۔

سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ غاصب اسرائیلی فوج اپنی تمام تر طاقت کے باوجود شکست خوردہ ہے، نہتے فلسطینیوں نے اسرائیلی گھمنڈ توڑ دیا ہے اور وہ اپنی سرحدوں کے اندر ہی مقید ہو کر رہ جائے گا۔

کانفرنس کے دیگر مقررین میں سید اسد عباس نقوی، آغا احمد نوری اور آغا ضیغم عباس چوہدری شامل تھے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .