۵ آذر ۱۴۰۳ |۲۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 25, 2024
عقیل الغروی

حوزہ/امام خمینی رح کی برسی کی مناسبت سے زوم کے ذریعے ایس این این چینل پر انٹرنیشنل کانفرنس مولانا عقیل الغروی نے کہا: امام خمینی چہاردہ معصومین کے بعد علما و فقہا کے درمیان ممتاز شخصیت کے حامل تھے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ممبئی/ امام خمینی رح کی برسی کی مناسبت سے زوم کے ذریعے ایس این این چینل پر انٹرنیشنل کانفرنس مولانا عقیل الغروی کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔

مولانا عقیل الغروی نے سب سے پہلے ایس این این چینل اور مولانا اسلم رضوی کا اس عظیم الشان انٹرنیشنل کانفرنس میں دعوت دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بیسویں صدی کی سب سے بلند مرتبہ شخصیت کی بارگاہ ملکوتی میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ امام خمینی چہاردہ معصومین کے بعد علما و فقہا کے درمیان ممتاز شخصیت کے حامل تھے ۔ آپ عرفان عملی و عرفان نظری میں ید طولی رکھتے تھے ۔ نجف اشرف میں میں نے دس برس تک متواتر امام علی علیہ السلام کی ضریح مبارک پر آپ کو حاضری دیتے ہوئے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے ۔ آپ پر چشم کرم تھی مولیٰ علی علیہ السلام کی ۔ امام خمینی علوم قرآنی میں کمال تک پہنچے ہوئے تھے ۔ امام خمینی جن کا نام روح اللہ ہے آپ نے پیکر امت اسلامیہ میں روح پھونکی ہے۔ انقلاب اسلامی ایران سے پہلے مسجدیں خالی نظر آتی تھیں محلے کے چند بزرگ افراد ہی مسجد میں نظر آتے تھے لیکن انقلاب کے بعد آج مسجدیں جوانوں سے آباد ہیں ان جوانوں کو مساجد میں لانے والی محرک شخصیت کو امام خمینی کہتے ہیں ۔

شہر بنگلور سے ایک بزرگ عالم دین مولانا سید محمد ابراہیم صاحب نے اپنی خوبصورت تقریر میں فرمایا کہ امام خمینی نور خدا سے دیکھتے تھے اس لیے آپ انقلاب اسلامی ایران کے دوست و دشمن کو بخوبی پہچان لیا کرتے تھے ۔ آپ نے عشق اہلبیت کی طاقت سے سامراج کو لرزہ براندام کر کے ان کی آنکھوں سے نیند چھین لی تھی ۔ آپ محمد و آل محمد کے سچے شیدائی تھے۔

یورپ کے ایک خوبصورت ملک ناروے سے عالم تشیع کی ایک بزرگ ہستی مولانا سید شمشاد حسین صاحب نے امام خمینی اور ولایت فقیہ پر نہایت ہی جامع تقریر کی اور فرمایا کہ ولایتِ فقیہ کا اٹوٹ رشتہ غدیر خم سے ہے ۔ ولایت فقیہ کوئی نیا موضوع نہیں ہے جیسا بعض لوگ خیال کرتے ہیں بلکہ ہمارے متعدد علما نے اس اہم موضوع پر مفصل روشنی ڈالی ہے امام خمینی نے کہا تھا کہ اسلام ناب محمدی کو نافذ کرنے کے لیے ولایت فقیہ کی ضرورت ہے ۔

علی پور کرناٹک سے محترم شاعر اور ناظم جناب ڈاکٹر ناطق علی پوری نے امام خمینی کی پاکیزہ بارگاہ میں زبردست منظوم نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ پھر گھونٹ دے ستم کا گلا میں نہیں تو کیا:- اک انقلاب کر دے بپا میں نہیں تو کیا:- آواز آ رہی ہے خمینی کی قبر سے:- ہے خامنہ ای ثانی مرا میں نہیں تو کیا ۔

امریکا سے ایک بزرگ عالم دین جناب مولانا سید علی حیدر عابدی نے امام خمینی کی برسی کے موقعے پر تسلیت و تعزیت پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ امام خمینی نے ایک ایسے حاکم کے سامنے آواز احتجاج بلند کی جو نہایت ہی ظالم و جابر تھا اور اس کے مقابلے میں آپ کو زبردست کامیابی اس لیے ملی کہ آپ کی تحریک کو اللہ کی تائید حاصل تھی یہ آپ کی شب و روز محنت کا نتیجہ تھا کہ شاہ ایران کو ذلیل و رسوا ہو کر ایران سے بھاگنا پڑا اور یہ ظالم اتنا ذلیل ہوا کہ اس کے مرنے کے بعد اس کے اپنوں نے بھی دفن ہونے کے لیے زمین نہیں دی اور اسے مصر میں دفن کیا گیا ۔

آول کنڈا آندھرا پردیش سے خطیب اھلبیت اور آول کنڈا مرکز اسلامی کے روح رواں جناب مولانا مرزا علی اکبر کربلائی نے اپنی پر مغز تقریر میں عظیم الشان فقیہ اھلبیت حضرت روح اللہ موسوی خمینی کی مقناطیسی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ امام خمینی نے انقلاب اسلامی ایران کے ذریعے علما و فقہا کو زبردست طاقت و قوت عطا کی ہے انقلاب سے پہلے علما صرف محراب و منبر تک محدود تھے لیکن آپ کے الٰہی انقلاب نے ان کے دائرہ کار کو بیحد وسیع کر دیا ۔ امام خمینی نے سوئے ہوئے ضمیروں کو جگایا ہے امام خمینی نے اتنی کامیابی اس لیے حاصل کی کہ توفیق الٰہی آپ کے شامل حال تھی اور توفیق الٰہی پاکیزہ نیت کی وجہ سے حاصل ہوتی ہے ۔

کویت سے خطیب اور حالات حاضرہ پر زبردست نگاہ رکھنے والے عالم جناب مرزا عسکری حسین صاحب نے امام خمینی کی زندگی پر جامع تقریر کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر کوئی امام خمینی کے بارے میں اختصار سے جاننا چاہتا ہے تو وہ آج کی اس کامیاب کانفرنس کو ضرور سنے جو ایس این این چینل (یوٹیوب) پر اپلوڈ ہو رہی ہے ۔ مولانا عسکری صاحب نے فرمایا کہ امام خمینی کا نام نامی آسمان علم و فقاہت پر درخشاں ستارے کے مانند چمک رہا ہے ۔ جیسے معصومین مظہر صفات پروردگار ہیں اسی طرح امام خمینی اور ہمارے بزرگ علما و مراجع مظہر صفات معصومین ہیں یعنی امام خمینی نے اپنے کردار سے دنیا والوں کو یہ بتادیا کہ پہلے غلام کو دیکھو اور سمجھو تاکہ تمہیں یہ معلوم ہو سکے کہ جب غلام ایسا ہے تو اس کے آقا کیسے ہوں گے ۔

آخر میں شہر پونا سے مولانا اسلم رضوی نے امام خمینی کی عظیم الشان شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام خمینی کی کامیابی کا راز یہ تھا کہ آپ اللہ کے علاوہ کسی سے بھی نہیں ڈرتے تھے ۔ جب آپ پیرس سے تہران فاتحانہ انداز میں آ رہے تھے تو جہاز میں موجود ہر شخص فکر مند تھا کیوں کہ شاہ ایران ، ایران سے ضرور چلا گیا تھا لیکن ایران میں حکومت کی باگ ڈور اس کے وزیراعظم بختیار کے ہاتھوں میں تھی لیکن امام خمینی اس وقت بھی مطمئن تھے ۔

مولانا اسلم رضوی نے امام خمینی کی کامیابی کے اسباب و علل بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ خدا پر مکمل بھروسے نے اور ایران کی محب اھلبیت و شہید پرور قوم نے ایران میں ایسا انقلاب برپا کیا جس کی مثال شاید ہی تاریخ انسانیت پیش کر سکے ۔ الحمد للّٰہ امام خمینی کے بعد آیت اللہ خامنہ ای جیسا رہنما ایران کو اللہ کی جانب سے ملا ہے جو ایران کو شر اشرار و حسد حاسدین سے بچائے ہوئے ہے ۔

ایس این این چینل کے ایڈیٹر ان چیف جناب مولانا علی عباس وفا صاحب نے اس کامیاب کانفرنس میں کامیاب نظامت کی اور تمام علما کا میزبان کی حیثیت سے شکریہ ادا کیا ۔

آخر میں عالی جناب مولانا سید علی حیدر عابدی کی دعا پر یہ کانفرنس پایہ تکمیل تک پہنچی۔

یہ کانفرنس ایس این این چینل اور امام عصر آفیشیل اورنگ آباد پر براہ راست نشر کی گئی ۔

چہاردہ معصومین کے بعد علما کے درمیان امام خمینی ممتاز شخصیت کے حامل؛ مولانا عقیل الغروی

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .