حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، برصغیر کے نامور عالم دین، پاکستان میں نمائندہ ولی فقیہ کے قائم مقام اور حوزہ علمیہ امام خمینیؒ کے سربراہ آیت اللہ غلام عباس رئیسی گلگت میں مرکزی عشرۂ محرم الحرام کی مجالس سے خطاب کرنے کے بعد سکردو پہنچ گئے ہیں، جہاں آپ قتلگاہ امام بارگاہ میں خمسہ مجالس عزاء سے خطاب کریں گے اور ایک روزہ مجلسِ عزاء سے مرکزی جامع مسجد سکردو میں نیز زیب منبر ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق، آیت اللہ غلام عباس رئیسی کی سکردو آمد کے بعد سے سماجی، سیاسی اور مذہبی شخصیات کی ان سے ملاقات جاری ہے۔
بلتستان کے معروف عالم دین اور اسلامی تحریک کے رہنما حجت الاسلام والمسلمین سید محمد عباس رضوی نے خصوصی ملاقات کی اور آپ کی بلتستان آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔
آیت اللہ غلام عباس رئیسی انجمنِ طلاب بلتستانیہ اسلام آباد کی جانب سے منعقد ہونے والی کانفرنس بعنوان ”تاریخِ کربلا کے تناظر میں گلگت بلتستان کی تہذیب و ثقافت اور عصری تقاضے" سے نیز خصوصی خطاب کریں گے اور کانفرنس کے بعد جوانوں کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیں گے۔
واضح رہے یہ کانفرنس 14 محرم الحرام بروز اتوار بوقت 10 بجے صبح امام خمینی لائبریری گمبہ سکردو میں منعقد ہوگی۔
واضح رہے موصوف کئی سال بعد گلگت بلتستان گئے ہیں، تاہم ان کے دورۂ گلگت بلتستان سے خطے کے تعلیم یافتہ افراد زیادہ سے زیادہ علمی کسب فیض کرنے کے خواہشمند ہیں۔