حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی اور ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کوئٹہ میں جامعہ القرآن الکریم ہزارہ ٹاؤن کا دورہ کیا۔
اس موقع پر جامعہ القرآن الکریم کے ناظم سید افتخار حسین موسوی نے قرائت و تجوید کلاسز کی تفصیلات اور جامعہ کی فعالیت سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ قرآن کریم رب کا کلام ہے، اس لئے اس کا حق ہے کہ اسے سمجھا جائے، اس پر عمل کیا جائے، اسے پھیلایا جائے اور اس کے حقوق میں سے ایک اہم ترین حق یہ ہے کہ صحت الفاظ اور ضروری قواعد تجوید کی رعایت کرتے ہوئے اس کی تلاوت کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں تجوید اور قرائت کے مدارس ہونے چاہئیں بلکہ مدارس دینیہ اور قرآن و دینیات سینٹرز کو قرائت و تجوید پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ جب قاری دلنشین انداز سے کلام اللہ المجید کی تلاوت کرتا ہے تو اس سے دلوں کو سکون ملتا ہے اور یہ انسان کا قرآن کریم سے تمسک اور الفت میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں تجوید اور قرائت پر توجہ خوش آیند ہے ملک بھر میں ہمارے جوانوں کو تجوید و قرائت پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے، اسی طرح معاشرے کو ایسے جوانوں کی ضرورت ہے جو خوش الحانی سے دعائے کمیل و دیگر دعاؤں کی تلاوت کر سکیں تاکہ پاکستان میں محافلِ قرآن کریم اور محافلِ دعا کا کلچر رائج ہو۔
اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی اور علامہ سید ظفر عباس شمسی نے جامعہ القرآن الکریم کو کتابوں کا سیٹ ہدیہ کیا اور جامعہ القرآن الکریم کی خدمات کو سراہا۔