حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بلوچستان کے ضلع ژوب میں مسلح افراد نے زائرین کی بس پر فائرنگ کی، تاہم ڈرائیور نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار کر زخمی کر دیا۔ جنہیں بعد ازاں پولیس کے حوالے کیا گیا۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق، بلوچستان کے ضلع ژوب میں زائرین کی بس پر مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی ہے۔
ذرائع کے مطابق، ڈیرہ اسماعیل خان قومی شاہراہ پر درازندہ (شیخ میلہ) کے مقام پر ایران سے پاراچنار جانے والے زائرین کی بس کو مبینہ طور پر مسلح موٹر سائیکل سواروں نے روکنے کی کوشش کرتے ہوئے فائرنگ کر دی، تاہم بس ڈرائیور نے مسلح افراد کو ٹکر مار کر شدید زخمی کر دیا۔ دو مسلح افراد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ہے، جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ زخمی اور فرار ہونے والوں کا تعلق شیخ میلہ سے بتایا جاتا ہے۔ بس میں سوار زائرین کی زخمی ہونے کے بھی اطلاعات ہیں۔
ایک ذرائع نے بتایا ہے کہ مبینہ طور پر موٹر سواروں نے زائرین کو لوٹنے کی کوشش تھی، جسے ناکام بنا دیا گیا۔ مسلح افراد کو پولیس کے حوالے کیا گیا ہے، جبکہ زائرین خیر و خیریت سے ڈیرہ اسماعیل خان پہنچ گئے ہیں۔