حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سٹی اف نالج پبلک اسکول جیک آباد پاکستان کے زیرِ اہتمام عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم اور ہفتۂ وحدت کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی، جبکہ اعزازی مہمان ایم ڈبلیو ایم ضلع جیکب آباد کے صدر نذیر حسین جعفری تھے۔
اس موقع پر اسکول کے طلباء اور طالبات نے بارگاہ رسالت مآبﷺ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حضور سید الانبیاء کی ذات گرامی عالم بشریت کے لیے رہبر اور رہنما ہے ربیع الاول کا مبارک مہینہ عشق رسول ﷺ کا مہینہ ہے۔ عاشقان رسول ﷺ اپنی سیرت اور کردار سے سید الانبیاء ﷺ کے حقیقی پیروکار ہونے کا ثبوت دیں۔
انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ اتحاد بین المسلمین کا مہینہ ہے، 12 سے 17 ربیع الاول ہفتہ وحدت کے موقع پر شیعہ سنی دیوبندی بریلوی اہل حدیث سب نے مل کر امت واحدہ کا ثبوت دینا ہے۔ اسلام دشمن سامراجی طاقتیں خصوصا امریکا اور اسرائیل مسلمانوں کو اپس میں لڑانا چاہتے ہیں ہم نے اپنے اتحاد اور وحدت سے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر نذیر حسین جعفری نے کہا کہ ہفتہ وحدت کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین شیعہ سنی وحدت اور اتحاد بین المسلمین کے لیے خصوصی پروگرام کرتی ہے۔ مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے کارکن برادران اہل سنت کے جلوس میلاد کا پھولوں کے ہار پہنا کر اور پھول نچھاور کر کے استقبال کریں گے۔
تقریب سے مجلسِ علمائے مکتب اہل بیت علیہم السّلام ضلع جیکب آباد کے نائب صدر مولانا ارشاد علی سولنگی نے بھی خطاب کیا۔