۲۲ آذر ۱۴۰۳ |۱۰ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 12, 2024
ڈاکٹر پزشکیان

حوزہ/اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منعقد ہونے والے اجلاس سے خطاب کرنے نیویارک پہنچ گئے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان گزشتہ رات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت اور خطاب کےلیے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ نیو یارک پہنچ گئے ہیں۔

ڈاکٹر پزشکیان کا جان ایف کینیڈی ہوائی اڈے پر وزیر خارجہ سید عباس عراقچی، نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی اور اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور مستقل مندوب کاظم غریب آبادی اور اقوام متحدہ میں ایران کی نائب مندوب زہرا ارشادی نے استقبال کیا۔

ایرانی صدر نے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر میڈیا سے مختصر گفتگو میں کہا کہ ہمارا پیغام امن اور سلامتی ہے، خون ریزی، جنگ اور قتل و غارت گری کے بجائے ہمیں ایک ایسی دنیا تشکیل دینے کی ضرورت ہے، جس میں تمام انسان اپنے رنگ، نسل یا علاقے سے قطع نظر آرام سے زندگی بسر کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ہم جس دنیا میں رہتے ہیں وہ اس وقت ایسی نہیں ہے، یہاں دوغلی پالیسی ہے، کچھ اچھے ہیں اور کچھ برے ہیں اور اس کے نتیجے میں آج ہمیں مختلف مسائل کا سامنا ہے۔

ایرانی صدر اس سفر کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے علاوہ جنرل اسمبلی میں شریک کئی ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقات اور بات چیت کریں گے۔

ایرانی صدر پزشکیان امریکہ میں سیاسی، سماجی، مذہبی اور میڈیا گروپوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور ایران کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے ان کے سوالات کے جوابات دیں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .