۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
قائد ملت جعفریہ پاکستان / پاراچنار

حوزہ / علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: ضلع کرم سے آنیوالی خبریں انتہائی تکلیف دہ کیساتھ کربناک صورتحال پیش کررہی ہیں، امن کی بحالی کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیاجائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ضلع کرم کی صورتحال پرمختلف شخصیات سے گفتگو میں ضلع کرم میں بڑھتی کشیدگی کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے ایک مرتبہ پھر وفاقی و صوبائی حکومتوں کو فوری اقدامات کی جانب متوجہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ہر روز آنیوالی خبریں انتہائی تکلیف دہ ہونے کے ساتھ ساتھ کربناک صورتحال کی تصویر پیش کررہی ہیں،امن کی بحالی کیلئے مزید تاخیر کے منفی اثرات مرتب ہونگے۔

انہوں نے کہا: ضلع کرم کے علاقوں پیواڑ، تری منگل،کنج علیزئی ،خارکلی و دیگر علاقوں میں کشیدگی بڑھنے اور انسانی جانوں کے ضیاع کی جو خبریں آرہی ہیں وہ انتہائی تکلیف دہ اور علاقے کی کربناک صورتحال پیش کررہی ہیں۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا: اس کشیدگی کے سبب صوبائی دارالحکومت سے علاقے کا رابطہ منقطع ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔ ایسی صورتحال میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کو بغیر کسی تاخیر کے فوری طور پر نوٹس لینا چاہیے اور امن کی بحالی کیلئے فوری طور پر سنجیدہ اقدامات اٹھانا چاہئیں۔

انہوں نے کہا: پاراچنار سے متصل راستوں کی بحالی سمیت دیگر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ خطے سمیت پورا صوبہ محفوظ رہے اور کسی بھی منفی اثرات سے بچا جاسکے۔ ہم بارہا ارباب اختیار کو متوجہ کررہے ہیں کہ وہ سنجیدگی سے اس معاملے پر توجہ کریں اور صوبے کو مزید کسی بڑے بحران سے بچانے کیلئے پیشگی اقدامات اٹھائیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .