۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ / علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: خطے کی صورتحال پر صوبائی حکومت فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے اقدام اٹھائے، امن و امان کی بحالی کیلئے وفاقی حکومت بھی اپنے ذرائع استعمال کرے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ضلع کرم کی آئے روز بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا: خطے کی صورتحال پر صوبائی حکومت فوری نوٹس لیتے ہوئے ضروری اقدامات اٹھائے جبکہ امن و امان کی بحالی کیلئے وفاقی حکومت بھی اپنے ذرائع استعمال کرکے ریاستی رٹ قائم کرے تاکہ لوگوں میں پھیلی ہوئی بے چینی و اضطراب ختم ہو۔

انہوں نے ضلع کرم میں امن و امان کی آئے روز بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار اور ارباب اختیار کو متوجہ کرتے ہوئے کہا: اس طرف انتہائی سنجیدگی سے غور کیا جائے کیوں ہر کچھ عرصہ بعد ضلع کرم میں عوام کے جان و مال کیلئے خطرات پیدا ہوجاتے ہیں، عام آدمی کو آمد و رفت تک میں مشکلات ہیں۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: ان معاملات کے مستقل حل کیلئے ایک طرف اعلیٰ سطحی، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرتے ہوئے اصل حقائق منظر عام پر لائے جائیں، کرم سمیت پورے خطے کا امن تہہ و بالا کرنیوالوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے اور دوسری طرف وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ، خیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت و انتظامیہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لے، عمائدین علاقہ کو بلا کر ان کے خدشات ،تحفظات کو سنایا جائے اور فوری طور پر امن قائم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے وفاقی حکومت سے بھی فوری طور پر نوٹس لینے کی طرف متوجہ کرتے ہوئے کہا: وفاقی حکومت بھی اپنے ذرائع استعمال کرتے ہوئے خطے میں امن و امان کو یقینی بنائے کیونکہ یہ صورتحال ایسے ہی جاری رہی تو اس کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہونگے۔ اس لئے ارباب اختیار اس انتہائی نوعیت کے اہم معاملے کی جانب فوری طور پر سنجیدگی سے غور کر کے خطے میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنائیں تاکہ عوام میں پھیلنے والی بے چینی، اضطراب ختم ہو۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .