۲۲ آذر ۱۴۰۳ |۱۰ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 12, 2024
عبد الستار السید وزیر اوقاف سوریه

حوزہ/ شام کے وزیر اوقاف شیخ محمد عبد الستار السید نے کہا کہ مقاومت کسی ایک شخص کا نام نہیں بلکہ یہ وہ عقیدہ ہے جو اسلام نے دلوں میں بویا ہے اور سید حسن نصراللہ اسی عقیدے کی خاطر شہید ہوئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیخ محمد عبد الستار السید نے العہد نیوز ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا: آج امت اسلامیہ عظیم امام، رہبر اور سید مقاومت، شہید سید حسن نصراللہ کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے، جنہوں نے مقاومت کی قیادت سنبھالی، اپنے وعدے کو پورا کیا اور دشمنوں کو شکست دی۔

انہوں نے مزید کہا: سید حسن نصراللہ آج اپنے جدّ حضرت محمد مصطفیٰ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم)، مولائے کائنات حضرت علی (علیہ السلام)، امام حسین (علیہ السلام) اور امت اسلامیہ کے دیگر شہداء کے ساتھ ملاقات پر مسرور ہوں گے۔

شیخ محمد عبد الستار السید نے کہا: سید حسن نصراللہ نے اپنے ذاتی جذبے اور اللہ تعالیٰ کی راہ میں شہادت کی جو خالصانہ آرزو رکھی تھی، اسے پایہ تکمیل تک پہنچا دیا۔

انہوں نے کہا: مقاومت اور تمام باعزت عرب و اسلامی دنیا کے عوام اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ جناب سید حسن نصراللہ کی شہادت نے مقاومت کے معانی کو ہم سب کے دلوں میں مزید پختہ کردیا ہے۔

شام کے وزیر اوقاف نے کہا: مقاومت کے ہر ایک فرد کے لیے یہ عہد و پیمان ضروری ہے کہ سید مقاومت کا خون کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ہم مسجد الاقصیٰ میں نماز پڑھیں گے، جیسا کہ شہید سید نصراللہ نے اس کی آرزو کی تھی۔

شیخ محمد عبد الستار السید نے مزید کہا: مقاومت کسی ایک شخص کا نام نہیں بلکہ یہ وہ عقیدہ ہے جو اسلام نے دلوں میں بویا ہے اور سید حسن نصراللہ اسی عقیدے کی خاطر شہید ہوئے۔ ان شاء اللہ یہ عقیدہ فلسطین کو آزاد کرائے گا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ حزب اللہ اور دیگر مقاومتی ممالک کے بہادر جنگجو اس سرزمین کو آزاد کرائیں گے اور صہیونیوں کا حساب و کتاب سخت ہوگا، ان شاء اللہ۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .