حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرم حضرت معصومہ قم (س) کے خطیب، حجتالاسلام و المسلمین ناصر رفیعی نے کہا کہ روایات کے مطابق مرد کو اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ خوش اخلاق، سخاوت مند اور غیرت مند ہونا چاہیے، اگر یہ تین صفات گھریلو زندگی میں اپنائی جائیں تو طلاق کی شرح میں واضح کمی واقع ہوسکتی ہے۔
حجتالاسلام رفیعی نے مزید کہا کہ حضرت فاطمہ زہراؑ کے دس سے زیادہ القابات ہیں، اور ہر لقب ان کی کسی مخصوص خوبی کو ظاہر کرتا ہے۔ ان میں سے ایک لقب "حانیہ" ہے، جس کا مطلب شفقت و مہربانی کرنے والی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حضرت زہراؑ اپنے والدین، شوہر، بچوں، ہمسایوں اور دیگر افراد کے ساتھ نہایت محبت اور شفقت سے پیش آتی تھیں۔
انہوں نے قرآن کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ والدین کے ساتھ احسان کا حکم نہایت اہمیت رکھتا ہے، چاہے وہ زندہ ہوں یا وفات پا چکے ہوں۔ والدین کے ساتھ اچھا سلوک دنیوی اور اخروی برکتوں کا ذریعہ ہے۔
حضرت فاطمہ زہراؑ کی ازدواجی زندگی کی مثال دیتے ہوئے حجتالاسلام رفیعی نے کہا کہ وہ اپنے شوہر حضرت علیؑ کے ساتھ نہایت محبت اور صبر سے پیش آتی تھیں اور کبھی شکایت نہیں کی۔ روایات کے مطابق، بہترین انسان وہ ہیں جو دیر سے غصہ کرتے ہیں اور جلد صلح کر لیتے ہیں، خاص طور پر میاں بیوی کے تعلقات میں یہ رویہ نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ مردوں کو اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ خوش اخلاقی، سخاوت اور غیرت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ یہ صفات گھر کے سکون کا سبب بن سکتی ہیں اور طلاق کی شرح میں کمی لا سکتی ہیں۔
آخر میں حجتالاسلام رفیعی نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراؑ ایک عام خاتون نہیں بلکہ خاندانِ عصمت و طہارت کے لیے نمونہ عمل ہیں۔ ان کی شخصیت کا مقام اللہ کے نزدیک بہت بلند ہے، اور ان کی زندگی ہر مسلمان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔