۲۶ آذر ۱۴۰۳ |۱۴ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 16, 2024
لبنانی زائرین

حوزہ/لبنان اور غاصب اسرائیل کے مابین جنگ بندی کے بعد، ایران میں زیر علاج لبنانی زخمی مسلمان اور زائرین وطن واپس گئے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جس وقت لبنان کے مظلوم عوام پر غاصب صیہونی جارحیت اور ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری تھا، جن میں سے متعدد لبنانی متاثرین اور زخمی افراد اپنے علاج کے لیے ایران تشریف لائے، ایرانی عوام نے انسانیت اور اسلامی تعلیمات کو مدّنظر رکھتے ہوئے ان کا کھلے دل کے ساتھ استقبال کیا اور آستان قدس رضوی کے کرامت رضوی فاؤنڈیشن، آستان قدس رضوی کے طبی مراکز اور حرم امام رضا (ع) سمیت آستان قدس رضوی سے منسلک تمام اداروں نے لبنانی عوام کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

حرم امام رضا (ع) کے لبنانی مہمان اپنے وطن لوٹ گئے

آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ گزشتہ ہفتوں کے دوران آستان قدس رضوی کے متولی کے حکم پر لبنان کے 200 سے زائد متاثرین اور زخمیوں کو رہائشی کمپلیکس میں جگہ دی گئی اور خطے کے حالات کو مدّ نظر رکھتے ہوئے آستان قدس رضوی نے ان لبنانی متاثرین کی میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔

ایران میں موجود لبنانی زائرین اور تارکینِ وطن وہاں جنگ بندی کی وجہ سے، اپنے ملک واپس جارہے ہیں، ان لبنانی متاثرین میں سے بعض کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام نے حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی پیروی کرتے ہوئے بہترین انداز میں میزبانی کے فرائض انجام دئیے اور ایثار اور بھائی چارگی کے اس جذبے کی وجہ سے مزاحمتی محاذ ماضی کی نسبت زیادہ مستحکم اور مضبوط ہو گیا ہے۔

لبنانی زائر جناب محمد العطیہ نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ایرانی عوام ہمیشہ سے مزاحمتی محاذ کی پشت پناہ رہے ہیں، کہا کہ اس مختصر عرصے میں جو کہ ہم امام رضا (ع) کے مہمان تھے، آستان قدس رضوی کے تمام سربراہان نے رہائش، طعام اور علاج وغیرہ کے حوالے سے بہترین خدمات فراہم کیں، حتی کہ کپڑوں کی فراہمی میں بھی مشہد مقدس کی عوام نے لبنانی زائرین کا بھرپور ساتھ دیا اور اس عرصے کے دوران گرم کپڑے تیار کر کے ہمارے لیے بھیجے، ہم ان تمام کاوشوں کو سراہتے ہیں اور لبنان میں تمام ایرانی دوستوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

لبنانی زائرین میں سے ایک عبد اللہ المنعم ہیں جو لبنان اور فلسطین میں صیہونی شکست پر روشنی ڈالتے ہوئے کہتے ہیں کہ جنگی حالات میں ایرانیوں نے ہمارے ہموطن لبنانیوں کی پذیرائی کی، زخمیوں کا علاج کیا اور ہمارے لیے بہت زیادہ خدمات فراہم کیں، ہم کبھی بھی ان کی محبت کو نہیں بھلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایران، لبنانی عوام کا بہترین دوست ہے ان سخت ترین حالات میں لبنانی مدد کے لئے ایرانی عوام نے امدادی مہم چلائی، ہم ان کی محبتوں پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ہم اس وقت اپنے ملک واپس لوٹ رہے ہیں ایرانی عوام ہمیشہ لبنانی عوام کے دلوں میں رہیں گے۔

واضح رہے کہ زیادہ تر زائرین اور لبنانی زخمی متاثرین مختلف فلائٹس کے ذریعے اپنے وطن واپس لوٹ گئے ہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .