۲۴ آذر ۱۴۰۳ |۱۲ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 14, 2024
آیت اللہ اعرافی

حوزہ/ حوزہ علمیہ کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ہفتۂ تحقیق کے موقع پر محققین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دینی علوم اور انسانی مسائل کے حل کے لیے علمی اور تحقیقی کاوشوں کو مزید فروغ دیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ حوزہ علمیہ ایران آیت اللہ علی رضا اعرافی نے اپنے پیغام میں ہفتۂ تحقیق کو ایک سنہری موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وقت محققین کے لیے اپنی توجہ جدید مسائل اور موجودہ علمی چیلنجز پر مرکوز کرنے کا بہترین موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حوزہ علمیہ کا بنیادی مقصد "اسلامی اور انسانی علوم کی تخلیق" ہے، اور اس کے لیے علماء، اساتذہ، اور طلباء کو منظم منصوبہ بندی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

آیت اللہ اعرافی نے حوزہ علمیہ کے محققین کو تاکید کی کہ وہ دینی تعلیمات اور جدید تحقیقاتی طریقوں کو یکجا کرتے ہوئے اور بروئے کار لاتے ہوئے انقلابی مقاصد اور اسلامی تہذیب کے قیام کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق ایک "سبز اور زرخیز میدان" ہے جو دینی و علمی ترقی کا ذریعہ ہے اور جس کے ذریعے ہم انسانی معاشروں کو درپیش مسائل کا حل فراہم کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حوزہ علمیہ کے اساتذہ اور طلباء نے گذشتہ سالوں میں تحقیقاتی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ مضبوط ارادے اور متحرک ذہن کے مالک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محققین کو چاہیے کہ وہ اپنی علمی و تحقیقی کاوشوں کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں پیش کریں اور معاشرتی خلا کو پر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

آیت اللہ اعرافی نے فلسطین، یمن اور دیگر مظلوم اقوام کی حالت زار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ علماء اور محققین کا فرض ہے کہ وہ ان مسائل پر دینی و فکری رہنمائی فراہم کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حوزہ علمیہ کے محققین اپنی کاوشوں سے نہ صرف دینی علوم کو فروغ دیں گے بلکہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مؤثر حل بھی پیش کریں گے۔

انہوں نے آخر میں دعا کی کہ طلاب کی یہ علمی کاوشیں خداوند متعال کی رضا اور حضرت ولی عصر (عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف) کی دعاؤں کا سبب بنیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .