حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہفتہ تحقیق کی مناسبت سے ایک عظیم الشان علمی نشست مدرسہ حجتیہ قم کے شہیدین ہال میں منعقد ہوئی، نشست میں برصغیر پاک وہند کے اردو زبان اہل قلم و محققین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق، نشست سے مجتمع عالی فقہ کے ادارۂ تحقیق کے سربراہ حجۃ الاسلام نیکخو، حجۃ الاسلام آقائے خراسانی اور ڈاکٹراحمدی نے خطاب کیا۔
حجۃ الاسلام نیکخو نے نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحقیق کی راہ میں کوشش اور جدید علمی افکار کی ترویج حوزہ ہائے علمیہ اور دیگر علمی مراکز کی ذمہ داری ہے۔ پچھلے بیس سالوں میں تحقیق کے حوالے سے جو حوزہ علمیہ میں کام انجام پائے ہیں، وہ طول تاریخ میں کم نظیر ہیں خصوصاََ رہبرِ انقلاب کی نظر تحقیق پر زیادہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے تحقیقی میدان میں خدمات دیگر اداروں سے زیادہ ہیں، جو آیت اللہ اعرافی کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ تمام طلاب کے لیے ضروری ہے کہ وہ جدید شبہات اور مسائل کا علمی حل پیش کرنے کے لیے علمی مقالات کی جانب توجہ دیں۔ تحقیقات کے ساتھ ترجمہ بھی اہل قلم کی ضرورت ہے۔
حجۃ الاسلام خراسانی نے المصطفی یونیورسٹی کے شعبہ تحقیق کی طرف سے تحقیقی سہولیات جیسے مجلات وکتب کی اشاعت، علمی نشست اور ترجمہ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔
بین الاقوامی کانفرنس مبانی فقہی بیانیہ گام دوم کے سربراہ ڈاکٹر احمدی نے کانفرنس کے اہداف بیان کرتے ہوئے اہل قلم و محققین کو کانفرنس کے موضوع پر علمی مقالات لکھنے پر تاکید کی۔